رواں سال کپاس کے کاشتکاروں کو کپاس کی قیمت 4ہزار روپے فی 40کلو گرام ادا کی جائے گی ،صدر انجمن کاشتکاراں پنجاب

بدھ 19 اپریل 2017 16:35

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2017ء) رواں سال کپاس کے کاشتکاروں کو کپاس کی قیمت 4ہزار روپے فی 40کلو گرام ادا کی جائے گی جبکہ کپاس کی بہتر قیمت ملنے سے کاشتکار بھر پور مالی فائدہ حاصل کر سکیں گے۔ انجمن کاشتکاراں پنجاب کے صدر رانا افتخار احمد نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایاکہ امسال کپاس کے کاشتکاروں کو ماضی کی نسبت زائد نرخ ملنے سے ان کے مالی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوںنے کہا کہ کپاس کی بہتر پیداوار کیلئے محکمہ زراعت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بھی مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں اور گلابی سنڈی سمیت کپاس کے دیگر نقصان دہ کیڑوں کا خاتمہ بھی ممکن ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر شیڈول کے مطابق نان بی ٹی اور بی ٹی منظور شدہ اقسام کاشت کریں تاکہ کپاس کی شاندار فصل کا حصول ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کپاس کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کی مہم زرعی ماہرین اور سائنسدانوں کی مشاورت سے شروع کی گئی اور انہیں کی مشاورت سے مہم کو نئے موڑ د ئیے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ زراعت نے گلابی سنڈی سے متاثرہ ٹینڈے بھی تلف کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے اور محکمہ زراعت کی کیڑوں سے متاثرہونے والی کپاس کے ٹینڈوں کو تلف کرنے کی مہم میں طالب علموں ، زرعی ادویات کے کاروبار سے وابستہ افراد ، محکمہ زراعت کے ملازمین اور کسانوں نے بھی حصہ لیاجبکہ جننگ فیکٹری، بھٹہ اور آئل فیکٹری مالکان کو فوری طور پر جننگ ویسٹ ختم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی جس کے باعث کپاس کی فصل پر حملہ آور ہونے والے 12 خطرناک کیڑوں سے بچائو ممکن ہو سکا۔

متعلقہ عنوان :