لائن آف کنٹرول :کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری ‘ 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے-پاک فوج کے جوانوں نے بھرپورجواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقیں اور توپ خانے خاموش کرادیئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 13 مئی 2017 16:34

لائن آف کنٹرول :کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ وگولہ ..
مظفر آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13مئی۔2017ء) لائن آف کنٹرول کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری سے 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ لائن آف کنٹرول کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کی گئی، بھارتی فوج نے جنگ بندی معاہدے اورعالمی اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شہری آبادی کو شنانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 شہری زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے جوانوں نے بھی بھرپورجواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقیں اور توپ خانے خاموش کرادیے۔بھارتی اشتعال انگیزی سے زخمی ہونے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، زخمیوں کی شناخت محمد یونس، ریحانہ کوثراورثمینہ کوثرکے نام سے ہوئی ہے اورانہیں طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال کھوئی رٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج مقبوضہ کشمیرمیں جاری تحریک آزادی سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر مسلسل جنگ بندی معاہدے کی کلاف ورزی کررہا ہے اور3 روز قبل بھی بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی سے متصل مختلف علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 شہری زخمی ہوگئے ہیں۔ آئی سی پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی سے ملحقہ 7 مختلف مقامات پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جبکہ پاک فوج نے بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

تاہم آزاد کشمیر حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 4 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ان زخمی افراد میں 4 افراد ضلع کوٹلی کے خوئی رتہ اور چرہوئی سیکٹر میں زخمی ہوئے جبکہ 3 افراد بھمبر میں سماہانی سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ایس ایس پی کوٹلی چوہدری ذوالقرنین سرفراز کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے شیلنگ صبح7 بجے شروع کی گئی جس میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایس ایس پی کوٹلی کے مطابق محمد یونس ، ریحانہ اور سمینہ خوئی رتہ میں زخمی ہوئیں جبکہ افراز بیگم نامی خاتون چروہی سیکٹر کے سبزکوٹ گاوں میں زخمی ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ چاہی گاوں میں محمد شریف، ٹنڈر گاوں میں نثار احمد اور کتھیالہ گاوں میں عنیلہ بی بی بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوئیں۔یاد رہے کہ بھارت نے الزام لگایا تھا کہ پاکستانی فوج نے سرحد پر دو بھارتی فوجیوں کو قتل کر کے ان کی لاش کو مسخ کردیا تھا جس کے بعد ایل او سی پر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔

تاہم پاکستانی حکام نے اس واقع میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ صبح سات بجے سے جاری،فائرنگ میں سبز کوٹ، کوٹ کوتیرا، بروہ اور تاندر کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا،پاکستانی فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے مورچوں کو نشانہ بنایا گیا۔