وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی منظوری سے گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کو سنٹرلی ایئر کنڈیشنڈ بنا دیا گیا

ہفتہ 13 مئی 2017 23:42

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی منظوری سے گورنمنٹ جنرل ہسپتال ..
فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی منظوری سے گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کو ایچ ویک HVAC سسٹم کے ذریعے سنٹرلی ایئر کنڈیشنڈ بنا دیا گیا ہے جس پر 25 کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔ اس سسٹم کا باقاعدہ افتتاح ارکان قومی و صوبائی اسمبلی حاجی محمد اکرم انصاری ‘ محمد نواز ملک ‘ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک نے کیا ۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹس الائیڈ و جنرل ہسپتال غلام محمد آباد ڈاکٹر راشد مقبول ‘ ڈاکٹر عباس علی ‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد ‘ چیئرمین ‘ وائس چیئرمین کونسلرز صاحبان اور دیگر مسلم لیگی کارکنان بھی بڑی تعداد میں اس موقع پر موجود تھے ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے حاجی محمد اکرم انصاری نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی باصلاحیت قیادت میں حکومت پنجاب کی طرف سے شعبہ صحت کے استحکام اور ہر مریض تک طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے وسیع اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے تحت گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں جدید ترین طبی و تشخیصی مشینری کے بعد اب سینٹرلی ایئر کنڈیشنڈ سسٹم بھی فراہم کردیا گیا ہے جس کی بدولت مریضوں اور ان کے لواحقین کو ایک اور سہولت میسر ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں ہسپتال کی 250 سے 500 بیڈز تک توسیع کی جائے گی اور اڑھائی سو کے قریب ماہر ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی کے بعد غلام محمد آباد اور اردگرد کی آبادیوں کے لوگوں کو بھی علاج معالجہ کی مزید معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی اور الائیڈ و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال پر مریضوں کا دبائو کم ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپنسری سے شروع ہونے والا گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد صحت کے شعبہ میں تیز رفتاری سے دکھی انسانیت کی خدمت کر رہا ہے ۔

جس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر ڈاکٹرز ‘ پیرا میڈیکل سٹاف کی محنت اور لگن قابل ستائش ہے ۔ ایم پی اے محمد نواز ملک نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)ہر شعبہ میں خلوص نیت سے عوامی خدمت میں مصروف ہے اور عوام کی عملی خدمت ہمارا طرہ امتیاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال سے رجوع کرنے والے مریضوں اور لواحقین کو گرمی کی کوفت سے بچانے کے لئے ایئر کنڈیشنڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے اور ہسپتال میں مریضوں کے آرام و آرائش کے لئے ہر ممکن مزید اقدامات کئے جائیں گے ۔

انہوں نے ڈاکٹرز سے کہا کہ وہ مسیحا کا درجہ رکھتے ہیں اور انہیں ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت کے عزم پر کاربند رہنا چاہئے جو کہ کار خیر اور عظیم نیکی بھی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر سرکاری ہسپتالوں کو مریضوں کو مفت ادویات ‘ جدید مشینری سے علاج معالجہ ‘ بہترین انتظام و انصرام کے ساتھ ساتھ ایئر کنڈیشنڈ کی چالو حالت کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کو مزید بہتر سے بہتر بنانے کے لئے کوششیں جاری رہیں گے ۔

میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی مسلم لیگ ( ن ) کی سیاست کا محور ہے ۔ انہوں نے جنرل ہسپتال میں ایئرکنڈیشنڈ سسٹم کی تنصیب پر اہل علاقہ کو مبارکباد دی ۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عباس علی نے ہسپتال کو سینٹرلی ایئر کنڈیشند بنانے کے لئے فنڈز کی فراہمی پر ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہستپال کے آئوٹ ڈور پر روزانہ مریضوں کی اوسط تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور یہاں آرتھو پیڈک ‘ سائکیٹری یونٹس بھی فنکشنل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال مستقبل میں مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین طبی سروسز فراہم کرے گا اور انہیں علاج معالجہ کے لئے دیگر ہسپتالوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا ۔

متعلقہ عنوان :