نہال ہاشمی کا بیان ان کا ذاتی بیان ہے جس کا پاکستان مسلم لیگ (ن) یا ہماری حکومت سے کوئی تعلق نہیں

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 1 جون 2017 23:35

نہال ہاشمی کا بیان ان کا ذاتی بیان ہے جس کا پاکستان مسلم لیگ (ن) یا ہماری ..
اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2017ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی نے جو کہا وہ ان کا جوش خطابت تھا‘ ایسے موضوعات پر اظہار خیال کرتے ہوئے جذبات قابو میں ہونے چاہیئں۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی کا بیان ان کا ذاتی بیان ہے جس کا ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) یا ہماری حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے نہال ہاشمی کے بیان کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور انہیں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نہ صرف پارٹی رکنیت سے دستبردار کر دیا ہے بلکہ انہیں سینیٹر شپ سے بھی مستعفی ہونے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلا سال چونکہ انتخابات کا سال ہے اس لیے اپوزیش اپنا کام کر رہی ہے اور خود کو سیاسی طور پر فعال رکھنے کے لیے ہر چھوٹے بڑے معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہے لیکن انتخابات میں کامیابی وہی حاصل کرے گا جو عوامی خدمت کرے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستانی عوام ہر انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترقی و خوشحالی کی پالیسیوں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہی ہے اور ہمارے نمائندوں کو کامیاب کرا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو کسی کے لیے گڑھا کھودتا ہے وہ خود ہی اس میں گرتا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہو رہا ہے اور عمران خان اب اپنی منی ٹریل جمع کرانے سے بھاگ رہے ہیں۔