کاشتکارآرگینک فارمنگ کے دوران کیمیائی مادے اپنے کھیتوں میں جذب نہ ہونے دیں،ماہرین زراعت

جمعہ 2 جون 2017 15:25

کاشتکارآرگینک فارمنگ کے دوران کیمیائی مادے اپنے کھیتوں میں جذب نہ ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2017ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ کاشتکار آرگینک فارم میں متصل کھیتوں سے کوئی کیمیائی مادے جذب نہ ہونے دیں کیونکہ مذکورہ مادوںکے جذب ہونے سے آرگینک فارمنگ اپنی افادیت کھوبیٹھتی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ آرگینک فارمنگ ایسا طریقہ کاشت کاری ہے جس میں مصنوعی کیمیائی کھادوں ، زرعی زہروں اور دیگر کیمیائی مادوں کا استعمال بالکل نہیں کیاجاتا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ اس طریقہ کاشت میں زمین کی ذرخیزی کو بحال کرنے کیلئے فصلوں کا ادل بدل ، فصلوں کی باقیات ، گوبر کی گلی سڑی کھاد ، پریس مڈ اور سبز کھادوں پر انحصار کیاجاتاہے جس سے خالص ، معیاری ، انتہائی ذائقے دار اور عمدہ خوراک حاصل ہوتی ہے ۔ماہرین کے مطابق دنیابھرمیں مذکورہ طریقہ کاشت تیزی سے فروغ پارہاہے جس سے انسانی امراض اور بڑھتی ہوئی بیماریوں سے بھی نجات حاصل ہو رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار اس طریقہ کاشت سے جہاں مہلک اثرات سے پاک زرعی اجناس حاصل کرسکتے ہیں وہیں انہیں مقامی اور عالمی منڈیوں میں اجناس و سبزیوں کی فروخت سے عام فصلوں کی نسبت کہیں زیادہ دام بھی مل سکتے ہیں۔