اشتعال انگیز تقریر ،سپریم کورٹ کی نہال ہاشمی کو16جون تک جواب جمع کرانے کی مہلت

آپ نے جو اب جمع کیوں نہیں کرایا، معاملے کو بہت ہلکا لے رہے ہیں،معاملہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ہے‘جسٹس اعجاز الاحسن کے ریماکس

پیر 5 جون 2017 15:24

اشتعال انگیز تقریر ،سپریم کورٹ کی نہال ہاشمی کو16جون تک جواب جمع کرانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2017ء) سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کو اپنی تقریرپر16جون تک جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی،جسٹس اعجاز الاحسن نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ آپ نے جو اب جمع کیوں نہیں کرایا،آپ معاملے کو بہت ہلکا لے رہے ہیں،معاملہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ہے۔پیر کو سپریم کورٹ میں نہال ہاشمی کی دھمکی آمیز تقریر پر ازخود نوٹس کی سماعت جسٹس اعجازافضل خان کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی ۔

جسٹس افضل خان نے کہا کہ کیا آپ نے جواب جمع کرایا ہے۔نہال ہاشمی نے کہا کہ مجھے ریکارڈ تک رسائی نہیں ملی ۔تقریر عدالت میں چلائی جائے۔30سال سے وکالت کررہا ہوںگزشتہ ایک سال سے عدالت میں پیش نہیں ہورہا۔چند سازشی عناصر ہر ایک اداروے میں ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

مجھے نشانہ بنایا گیا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ گزشتہ سماعت میں آپ کے ہاتھ میں جواب تھا۔

آپ نے جواب جمع کیوں نہیں کرایا۔نہال ہاشمی نے کہا کہ مجھے عید تک جواب جمع کرانے کی مہلت دی جائے۔اللہ کے گھر جانا چاہتا ہوں۔کوئی وکیل میرا کیس لینے کو تیار نہیں ۔وکیلوں سے کہا ہے پہلے میرا کیس تو دیکھ لیں۔جسٹس اعجاز افضل نے کہاکہ فرد جرم عائدکرنے کا معاملہ عید کے بعد رکھ سکتے ہیں۔15جون تک جواب جمع کرائیں۔نہال ہاشمی نے کہا کہ 15جون کا افطار پارٹی کا اہتمام کررکھا ہے۔افطار کی ادائیگی بھی کرچکا ہوں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ معاملے کو بہت ہلکا لے رہے ہیں۔معاملہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ہے۔عدالت نے نہال ہاشمی کو 16جون تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :