نہال ہاشمی کی چیئرمین سینٹ سے ملاقات استعفی منظور نہ کرنے کی تحریری درخواست جمع کروادی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 6 جون 2017 12:56

نہال ہاشمی کی چیئرمین سینٹ سے ملاقات استعفی منظور نہ کرنے کی تحریری ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 جون ۔2017ء) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی نے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی سے ملاقات کے دوران اپنا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کی ہے-ذرائع کے مطابق نہال ہاشمی نے پارلیمنٹ ہاو س میں چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں ان سے ملاقات کی اور ایک تحریری درخواست جمع کروائی۔

لیگی سینیٹر نے چیئرمین سینیٹ سے درخواست کی کہ ان کا استعفیٰ منظور نہ کیا جائے۔نہال ہاشمی سے ملاقات کے بعد چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے وزیر قانون زاہد حامد، سینیٹر مشاہد اللہ خان، سینیٹر پرویز رشید، سینیٹر چوہدری تنویر سے ملاقات کی اور لیگی سینیٹر کا استعفیٰ واپس لینے کی درخواست سے متعلق وزیر قانون سے مشاورت کی۔سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کو 16 جون تک جواب جمع کرانے کی مہلت دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ( ن) کے رہنما مشاہداللہ خان نے سینیٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہال ہاشمی کو پارٹی ڈسپلن کا خیال رکھنا چاہئے،پوری پارٹی نہال ہاشمی کا استعفیٰ واپس لینے کو ٹھیک نہیں سمجھتی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ نہال ہاشمی نے پارٹی ڈسپلن اور پالیسی کی خلاف ورزی کی،لگتا ہے ہماری کسی مخالف سیاسی جماعت نے نہال ہاشمی کوگودلے لیاہے، نہال ہاشمی نے ایک سیٹ کی خاطر اپنی سیاست ختم کر لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی نے یہ قدم اٹھاکر ہلکے پن کا ثبوت دیا، انہیں استعفے پر قائم رہنا چاہئے تھا،نہال ہاشمی نے اپنی عاقبت خراب کرلی ہے۔واضح رہے کہ چند روزقبل سوشل میڈیا پرسینیٹر نہال ہاشمی کے ایک تقریب سے خطاب کی متنازع ویڈیو سامنے آئی تھی ، جس کے مسلم لیگ ن نے کی پارٹی رکنیت معطل اور سینیٹرشپ سے استعفیٰ طلب کرلیا گیا تھا۔چیف جسٹس آف پاکستان نے نہال ہاشمی کی دھمکی آمیز تقریر کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کیا ۔




متعلقہ عنوان :