دنیا بھر میں پاکستان کے جمہوری، معتدل اور مثبت ساکھ رکھنے والے ملک کے طور پر بیانیہ کو فروغ دینے کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کے موثر استعمال کی ضرورت ہے،تمام ذیلی ادارے سوشل میڈیا کے بہتر استعمال کیلئے مربوط طور پر کام کریں، جدید دور کے ڈیجیٹل میڈیا کے رجحانات اور رفتار کے مطابق وزارت کے افسران اور اہلکاروں کی تربیت کیلئے تفصیلی منصوبہ اور تیز تر حکمت عملی وضع کی جائے

وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی وزارت اطلاعات ونشریات میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایات

بدھ 7 جون 2017 23:33

دنیا بھر میں پاکستان کے جمہوری، معتدل اور مثبت ساکھ رکھنے والے ملک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے دنیا بھر میں پاکستان کے جمہوری، معتدل اور مثبت ساکھ رکھنے والے ملک کے طور پر بیانیہ کو فروغ دینے کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کے موثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے بدھ کو یہاں وزارت اطلاعات ونشریات میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس ضمن میں ہدایات جاری کیں کہ وزارت اطلاعات نشریات و قومی ورثہ کے تمام ذیلی ادارے سوشل میڈیا کے بہتر استعمال کیلئے مربوط طور پر کام کریں جبکہ سوشل میڈیا حالیہ دور کی سب سے بڑی ٹیکنالوجیکل پیشرفت میں سے ایک ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وزارت اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ کے سوشل میڈیا کی تنظیم نو اور تطہیر ناگزیر ہے تاکہ انہیں جدید دور کے ڈیجیٹل میڈیا کے رجحانات اور رفتار کے مطابق بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ وزارت کے افسران اور اہلکاروں کی تربیت کیلئے تفصیلی منصوبہ اور تیز تر حکمت عملی وضع کریں اور ان اہلکاروں اور افسران کو جدید سوشل میڈیا کے رجحانات سے روشناس کرایا جائے کیونکہ یہ رجحانات اب ابلاغ کی پرانی ترجیحات کی جگہ لے چکے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ فیس بک اور دیگر میڈیمز پر ویڈیوز کی پوسٹنگ ، ٹویٹ اور بلاگنگ سے لے کر سوشل میڈیا نے درحقیقت نئے، تیز تر اور سستے ترین ابلاغی ذرائع کھول دیئے ہیں تاکہ کم خرچ اور کم وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک بیانیہ یا مخصوص سوچ کو فروغ دے کر ابلاغ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے مخصوص سامعین تک پہنچنا بہت آسان کام ہے اس کے ذریعے ہم دلچسپی رکھنے والے فیس بک گروپوں اور ٹویٹر سرچ کرنے والوں تک پہنچ سکتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ جمہوری حکومت کے فلاحی کاموں ، اقدامات اور ملک کی مثبت ساکھ کو اجاگر کریں جس کیلئے مواد کی تیاری کے سلسلے میں باہمی اور موثر رابطہ کاری رکھیں۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارت اطلاعات ونشریات، پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل، ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے ڈائریکٹر جنرل، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل انفارمیشن آفیسر ، مینجنگ ڈائریکٹر اے پی پی ، پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے ڈائریکٹر جنرل ، سائبر ونگ کے ڈائریکٹر جنرل اور وزارت اطلاعات و نشریات کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔