امریکہ کی جنوب مغربی ریاستوں میں شدید گرمی،

4 افراد ہلاک،20 سے زائد پروازیں منسوخ کیلی فورنیا کی سانتا کلارا کاونٹی میں 2 افراد ہلاک ہوئے ،دیگر 2 افراد ریاست نیو میکسیکو کے کارلس بیڈ کیورنز نیشنل پارک میں ہلاک ہوئے ، حکام نے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے اور زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیدیا

جمعرات 22 جون 2017 16:03

امریکہ کی جنوب مغربی ریاستوں میں شدید گرمی،
کیلی فورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) امریکہ کی جنوب مغربی ریاستوں میں شدید گرمی سی4 افراد ہلاک اور درجنوں پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر سے شروع ہونے والی گرمی کی شدید لہر سے ریاست کیلی فورنیا کی سانتا کلارا کاونٹی میں 2 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک 72 سالہ بے گھر شخص بھی شامل ہے جس کی لاش ایک گاڑی سے برآمد ہوئی ہے۔

دیگر 2 افراد ریاست نیو میکسیکو کے کارلس بیڈ کیورنز نیشنل پارک میں ہلاک ہوئے ہیں۔ہلاک شدگان میں ایک 57 سالہ شخص اور اس کا 21 سالہ بیٹا شامل ہیں جو ٹیکساس کے رہائشی تھے اور ہائیکنگ کے لیے پارک گئے تھے۔نیومیکسیکو کی اسٹیٹ پولیس کے مطابق دونوں افراد کی موت انتہائی گرمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ کی نیشنل ویدر سروس کے مطابق گرمی کی حالیہ لہر ہوا کے شدید دباو کے باعث آئی ہے جو 'فور کارنرز' ریجن کے اوپر موجود ہے جہاں امریکہ کی چار ریاستوں - کولوراڈو، یوٹاہ، نیو میکسیکو اور ایریزونا کی سرحدیں ملتی ہیں۔

ہوا کے اس شدید دباو کے باعث علاقے میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ بلند ہے اور حکام نے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے اور زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا ہے۔گرمی کے باعث ریاست ایریزونا کے شہر فینکس سے اڑنے والی 20 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ لاس ویگاس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھی پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ایوی ایشن ماہرین کے مطابق شدید گرم ہوا سے ہوائی جہازوں کے انجن کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے جس کے پیشِ نظر پروازیں منسوخ یا موخر کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :