میزائل تجربے یوم آزادی پر امریکیوں کیلئے تحفہ ہے ،ْشمالی کوریا

بدھ 5 جولائی 2017 23:56

میزائل تجربے یوم آزادی پر امریکیوں کیلئے تحفہ ہے ،ْشمالی کوریا
پیانگ یانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2017ء)شمالی کوریا نے اپنے نئے بین البراعظمی میزائل تجربے کو امریکا کے یوم آزادی پر امریکیوں کے لیے تحفہ قرار دیدیا۔شمالی کوریا نے گزشتہ روز بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ’’ہواسونگ 14‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا جو جاپان کے سمندر میں جاگرا۔ اس حوالے سے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے اپنے بیان میں سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے اس میزائل کو خبیث امریکیوں کے لیے 4 جولائی کو امریکا کے یوم آزادی کا تحفہ قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق کم جونگ ان نے کہا کہ امریکا نے ہمارے عزم کو آزمانا چاہا اور ہماری وارننگز کو نظر انداز کردیا ،ْ امریکی 4 جولائی کو بھیجے گئے ہمارے اس تحفے سے زیادہ خوش نہیں ہوں گے۔ہمیں وقتا فوقتاً ان کی بوریت دور کرنے کے لیے اس طرح کے تحفے بھیجتے رہنا چاہئیں۔کم جونگ ان نے کہا کہ میزائل کسی پرکشش شخص کی طرح خوبصورت ہے اور جب تک امریکا اپنے دشمنی پر مبنی پالیسی ختم نہیں کردیتا تب تک شمالی کوریا اپنے اسلحہ پروگرام کو بند کرنے کے معاملے پر امریکا سے مذاکرات نہیں کریگا۔