موتیاکی بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے بروقت آبپاشی کی ہدایت

منگل 11 جولائی 2017 16:14

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2017ء)محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے موتیاکی بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے بروقت آبپاشی کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ موتیاکو پھولوں میں نہایت اہم مقام حاصل ہے اور یہ ایک سدا بہار جھاڑی نما پودے پر پیداہوتاہے لہٰذا اگر اسے پانی کی مناسب مقدار فراہم کی جائے تو اس کی بڑھوتری بھی بہتر ہو سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ مناسب آبپاشی سے بہترین خوشبو کے حامل سفید رنگ کے موتیاکے پھول کا سائز بھی دو گنا ہو سکتاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں ہر سال وسیع پیمانے پر موتیاکے خوشبودار پھولوں سے تیل نکال کر اسے عطریات بنانے کیلئے استعمال کیاجاتاہے۔ انہوںنے کہاکہ موتیاکو کاشت کے بعد ابتدائی مراحل میں بڑھوتری کیلئے پانی کی کافی مقدار کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے موسم گرما کی شدت کے باعث اسے پانی کی کمی نہیں آنے دینی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ پانی دیتے وقت اگر کھادوں کا متوازن و متناسب استعمال کیاجائے تو موتیاکی مزید بہتر پیداوار کا حصول بھی ممکن ہو سکتاہے۔