ڈپٹی کمشنر عمارہ خان کے زیر صدارت ڈینگی تدارک اور اسکی روک تھام کے حوالے سے اجلاس ‘ایگری کلچر کالونی میں ڈینگی بچائو کے موثر انتظامات نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار ‘تمام اسسٹنٹ کمشنر ز انڈور اور آئوٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کو خود مانیٹر کریں ‘تمام افسران پوری دلجمی کیساتھ ڈینگی کنٹرول سرگرمیوں میں حصہ لیں ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان

ہفتہ 15 جولائی 2017 19:50

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کے زیر صدارت ڈینگی تدارک اور اسکی روک تھام کے حوالے سے تمام ڈیپارٹمنٹس کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقدہوا۔ جس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ نے بتایا کہ شہر قصور کے مختلف علاقوں جن میں ریلوے پھاٹک ‘کمال چشتی چوک ‘انہار کالونی ‘گلبرک کالونی اور آفیسر ز کالونی وغیرہ شامل ہیں میں بے شمار ایسے مقامات موجود ہیں جہاں پر لاروا پیدا ہونے کے امکانات ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر کی تمام رہائشی کالونیوں کے بارے میں ایک جامع رپورٹ مرتب کریں تا کہ محکمہ صحت وہاں ڈینگی بچائو کیلئے موثر اقدامات کر سکیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں ضلع بھر کے چیف آفیسرز کو مدعو کیا جائے تا کہ وہ اپنے علاقوں میں ڈینگی سرگرمیوں کی موثر نگرانی کر سکیں ۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ریلوے کالونی میں ممکنہ ڈینگی لاروا کی پیدائش کے حوالے سے تصاویر بنا کر ریلوے حکام کو ارسال کی جائیں تا کہ وہ وہاں سرویلنس کا موثر بندوبست کروائیں ۔

ایگری کلچر کالونی میں ڈینگی بچائو کے موثر انتظامات نہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایگری کلچر انجینئرکیخلاف کاروائی کیلئے لیٹر سیکرٹری ایگری کلچر کو لکھا جائے ۔ محکمہ صحت کی جانب سے اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب ہیلتھ لائن پر 4شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں 3کو فوری طور پر حل کر دیا گیا ہے جبکہ ایک شکایت کنندہ کا ایڈریس نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک رابطہ نہیں ہو سکا ۔

فش سیڈ سٹاکنگ کے حوالے سے بتایا گیا کہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران محکمہ فشریز نے 20جوہڑوں میں 1950مچھلی بچہ دوبارہ چھوڑا ہے ۔مزید بتایا گیا ماہ جون 2017ء میں انڈرائیڈ فون سے 32ہزار 760سرگرمیاں اور جولائی میں اب تک 14ہزار 296ڈینگی سرگرمیاں ڈیش بورڈ پر بھیجی جا چکی ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے تمام اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں جا کر انڈور اور آئوٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کو سپروائز اور مانیٹر کریں ۔

چیف ایگزیکٹو ہیلتھ آفیسر نے اجلاس کو بتایا کہ وہ تمام متعلقہ افسران کے ہمراہ اگلے ہفتے تحصیل پتوکی میں موجود تمام نرسریوں کو سویپ کرینگے تا کہ وہاں ڈینگی لاروا پیدا ہونے کے امکانات کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ رواں ماہ بارشوں کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی پیدائش کے امکانات بڑھ گئے ہیں اس لئے وہ پوری دلجمی کے ساتھ ڈینگی کنٹرول سرگرمیوں میں حصہ لیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہ کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :