اکشے کی فلم بھی شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگئی

فلم ٹوائلٹ ایک پریم کتھا ریلیز کے پہلے روز صرف 13 کروڑ دس لاکھ کا بزنس ہی کرسکی بھارتی جشن آزادی پر لوگ بڑی تعداد میں سینما کا رخ کریں گے‘ شاید فلم اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے‘تجزیہ نگار

اتوار 13 اگست 2017 11:00

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمارکی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘‘ توقع کے خلاف شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگئی ۔2017 بالی ووڈ کے بڑے اداکاروں کیلئے زیادہ اچھا ثابت نہیں ہوا، پہلے بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ باکس آفس پر ناکامی کا شکار ہوئی پھر شاہ رخ خان کی ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ شائقین کو متاثر نہ کرسکی اور اب بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار کی فلم ’’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘‘ بھی باکس آفس پر اوسط درجے کا ہی بزنس کرسکی۔

اکشے کمار بھارتی فلم انڈسٹری کے واحد اداکار ہیں جو بالی ووڈ کے تینوں خانز کو ٹکر دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، عامر، سلمان اور شاہ رخ خان کے بعد شائقین اکشے کمار کی فلموں کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں، جس کی وجہ ان کی فلموں میں بہترین کہانی کے ساتھ شاندار موسیقی اور بھرپورمزاح کی موجودگی ہے جسے دیکھنے لوگ بڑی تعداد میں سینما کا رخ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ریلیز ہونے والی اکشے کمار کی فلم ’’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘‘ کا انتظار بھی لوگ بے صبری سے کررہے تھے، فلم کی کہانی بھارت کے سب سے بڑے مسئلے یعنی گھروں میں بیت الخلا کی عدم دستیابی کے گرد گھومتی ہے ، بھارت میں کروڑوں لوگ اس بنیادی سہولت سے محروم ہیں جس کے باعث خواتین رفع حاجت کے لیے باہر جانے پر مجبور ہیں۔

ریلیز سے قبل منفرد موضوع کے باعث فلم کو تجزیہ نگاروں کی جانب سے بہت اچھا رعمل حاصل ہواتھا اور امید کی جارہی تھی کہ یہ فلم بزنس کے تمام ریکارڈ توڑ دے گی لیکن اکشے شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے فلم کے پہلے دن کے بزنس کے بارے میں ٹویٹ کیا ہے کہ ٹوائلٹ ایک پریم کتھا ریلیز کے پہلے روز صرف 13 کروڑ 10 لاکھ کا ہی بزنس کرسکی ہے تاہم انہوں نے اگلے دودنوں میں بہتر بزنس کرنے کی توقع ظاہر کی ہے، ساتھ ہی انہوں نے لکھا ہے کہ بھارت کی جشن آزادی کے موقع پر لوگ بڑی تعداد میں سینما کا رخ کریں گے اور شاید فلم اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے۔

متعلقہ عنوان :