اسحاق ڈار کی نائیجیرین ہم منصب سے ملاقات، اقتصادی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

ہفتہ 4 مئی 2024 16:16

اسحاق ڈار کی نائیجیرین ہم منصب سے ملاقات، اقتصادی تعاون مضبوط بنانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2024ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نائیجیرین ہم منصب باکاری یاؤ سنگرے سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی گیمبیا کے شہر بنجول میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی جس میں دونوں وزراء نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی میدان میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، او آئی سی کے فریم ورک کے اندر رابطہ کاری پر بھی تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر او آئی سی کیلئے اجتماعی مفاد کو آگے بڑھانے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نائیجیریا کے پاکستان کی حمایت اور جموں و کشمیر تنازعہ پر اس کے اصولی موقف کو سراہا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائیجیرین وزیر خارجہ نے پاکستان کے موقف کیساتھ یکجہتی کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر پر نائیجر کے مستقل موقف کا اعادہ کیا۔