چقندر کی کاشت ماہ ستمبرمیں شروع کردیں،زرعی ماہرین

بدھ 16 اگست 2017 16:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2017ء)زرعی ماہرین نے چقندر کی کاشت ماہ ستمبر میں شروع کر نے کی ہدایت کی ہے اور کاشتکاروں سے کہا ہے کہ وہ چقندر کی فی ایکڑ بہترین پیداوار حاصل کرنے کیلئے چقندر کی کاشت کا عمل یکم ستمبر سے شروع کر کے 31اکتوبر تک مکمل کر لیں ۔انہوں نے بتایا کہ چقندر ایک انتہائی اہم ، منافع بخش اور نقد آورفصل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ زرعی تحقیقی اداروں کی سالہا سال کی محنت ، تجربات اور مشاہدات کے باعث چقندر کی فی ایکڑ پیداوار 7سو من سے بڑھ کر 12سو من تک پہنچ گئی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ اگر کاشتکار چقندر کی کاشت کے دوران جدید سائنسی طریقہ کاشت سے استفادہ کریں تو یہ پیداوار باآسانی 15سو من فی ایکڑ تک پہنچائی جا سکتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکار چقندر کی کاشت کیلئے مزید معلومات و رہنمائی کی غرض سے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے عملہ کی خدمات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔