صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کا دورہ

ہفتہ 9 ستمبر 2017 19:34

صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کا دورہ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے ہفتہ کو سماجی تنظیم سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ بہادر آباد کا دورہ کیا۔ سیلانی ویلفیئر کے چیئرمین مشیر افضل چامڈیا نے ان کا استقبال کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات کو سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے بارے میں فلاحی، تعلیمی، طبی اور دیگر عوامی خدمات کے منصوبوں کے بارے میں آگاہی دی۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 1999ء سے قائم شدہ یہ ادارہ تقریباً روزانہ ایک لاکھ سے زائد افراد کو خوراک کی سہولت 750 خاندانوں کی کفالت کرتا ہے، ہر ماہ 600 شادیاں کراتا ہے، بچوں کی کفالت، مقدس اوراق کی حفاظت، 12000 بچے مختلف اداروں میں تعلیم کی سہولیات حاصل کررہے ہیں، تھر میں 100 آر او پلانٹ لگائے گئے ہیں، ٹی بی، ہیپا ٹائیٹس اور کینسر جیسے موذی امراض کا مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کر رہا ہے، دیگر منصوبوں میں اسپتالوں میں مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے لئے مفت کھانا، دوائیاں اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں اور مفت آئی ٹی تربیت فراہم کی جاتی ہے جس کے تحت چار ہزار طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں اور ان عالمی سطح کے اداروں سے سرٹیفکٹ دیئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آئی ٹی کے طلباء کی تقریب انعامات سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی گراں قدر خدمات کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر ترقی دینے کے لئے سنجیدہ کوششیں کرتی رہے گی، نجی شعبے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے بھی کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی طرز پر حکومت سندھ نے ایک منصوبہ نوجوانوں کی تربیت کے لئے بینظیر بھٹو شہید یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کیا ہوا ہے جس کے تحت تقریباً دو لاکھ نوجوانوں کو فنی تعلیم دے کر باعزت روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلانی ویلفیئرٹرسٹ اہم کام سرانجام دے رہا ہے جس کے لئے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہماری مکمل سپورٹ انہیں دی جائے گی۔ تقریب میں سیلانی ویلفیئر ٹرست کی جانب سے ایک جامع ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی اور تقریب کے 50 طلباء میں سرٹیفکیٹ پیش کئے گئے۔ اس موقع پر قادری اور سیلانی ویلفئیر ٹرسٹ کے ٹرسٹی عارف لاکھانی اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔