سپارکوکے تعاون سے انجینئرنگ یونیورسٹی میں ورلڈ سپیس ویک2017کا آغازہوگیا

جمعرات 5 اکتوبر 2017 23:26

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2017ء)یونیورسٹی آف ا نجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں سپارکو کے تعاون سے ورلڈ سپیس ویک2017 ء کا آغاز ہو گیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی،جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ہائر ایجوکیشن کمیشن ریجنل آفس پشاور کا مران محمد تھے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قیام کے بعد یونیورسٹیوں میں تحقیق اور تعلیمی سرگرمیوں میں بتدریج بہتری آئی ہے، 2002ء سے لیکر2017 تک ایچ ای سی نے یونیورسٹیوں کی تعداد138سے بڑھا کر 300کردی اور اسی طرح یونیورسٹیوں کی فنڈنگ کی شرح کو26فیصد سے بڑھاکر 40فیصد کردیا۔

انہوں نے سپیس ویک کو ایچ ای سی کی 15سالہ تقریبات سے منسوب کرنے پر انجینئرنگ یونیورسٹی کو مبارکباد دی اور خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر سپارکوپشاور ریجن ڈاکٹر سید الرحمان نے اپنے خطاب میں ورلڈ سپیس ویک اور سپارکو کے کارکردگی کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔وائس چانسلریو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نے سپارکوکی کوششوں کو سراہتے ہوئے سپیس ٹیکنالوجی کی افادیت پر روشنی ڈالی اورشرکاء پر زور دیا کہ وہ سپیس ٹیکنالوجی کو سیکھیں اور اسے تعلیمی اور باالخصوص اس سے وابستہ شعبوں میں بروئے کار لائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آنے بے تحاشہ وسائل سے نوازا ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان کے نوجوان ان وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔