پاکستان سمیت دنیا بھر میں ذہنی صحت کی آگاہی کا عالمی دن منایا گیا

معاشرے میں ذہنی صحت کے علاج ومعالجے کے لیے شعور وآگاہی پیدا کرنا بہت اہم ہے ‘مائنڈ سائنٹسٹ ڈاکٹر ظفر اقبال میاں

منگل 10 اکتوبر 2017 14:48

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ذہنی صحت کی آگاہی کا عالمی دن منایا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2017ء) پاکستان سمیت دنیا بھرمیں گزشتہ روز ذہنی صحت کی آگاہی کا عالمی دن (ورلڈ مینٹل ہیلتھ اویئر نیس ڈے ) منایا گیا ۔ اس دن کو منانے کا مقصد پاکستان سمیت دنیا بھر میں ذہنی مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ان وجوہات کی نشاندہی ، شہریوں کو ابتدائی علامات ، علاج ،پرہیز ، تدارکی اقدامات سے روشناس کروانا ، دماغی امراض سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہی ، اس کے آنے والی نسلوں پر اثرات کی نشاندہی اور امراض سے بچائو کیلئے رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

اس دن کے حوا لے سے گلو بل این جی او ،وری ہیب اینڈ ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام مرکزی سیکریٹریٹ گلوبل این جی او ماڈل ٹاون لنک روڈ لاہور میں سیمینار منعقد ہوا جس میں ذہنی صحت و ماہر نفسیات نے ذہنی صحت کے موضوع پر لیکچر دیئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئر مین گلو بل این جی او ،وری ہیب اینڈ ریسرچ سنٹرمائنڈ سائنٹسٹ ڈاکٹر ظفر اقبال میاں اور سیکرٹری اطلاعات محمد افضل میو نے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ ذہنی و نفسیاتی اور امراض منشیات میں مبتلاء مریضوں کا علاج کرکے ان کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکتا ہے اور وہ لوگ بھی صحت مند زندگی گذار سکتے ہیں ان افراد کو علاج کی سہولت مہیاکرنا ہماری ذمہ داری ہے جس کو ہم احسن طریقہ سے نبھا رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ایک سروے کے مطابق پاکستان میں پچاس ملین افرادذہنی صحت کے مسائل میں مبتلا ہیں معاشرے میں ذہنی صحت کے علاج ومعالجے کے لیے شعور وآگاہی پیدا کرنا بہت اہم ہے تاکہ ذہنی صحت میں مبتلا افراد اپنا علاج کرواکر صحتمند زندگی گزار سکیں ۔

متعلقہ عنوان :