نوجوان اقبال اور قائد اعظم کی کوششوں کو اپنا مشعل راہ بنائیں،رانا مشہود احمد خان

منگل 7 مئی 2024 17:28

نوجوان اقبال اور قائد اعظم کی کوششوں کو اپنا مشعل راہ بنائیں،رانا مشہود ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2024ء) ادارہ فروغِ قومی زبان،قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اور پیغامِ پاکستان کے اشتراک سے ایک روزہ قومی سیمینار”تعمیرِ قوم میں نوجوانوں کا کردار: فکرِ اقبال کی روشنی میں“ منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین وزیر اعظم امورِ نوجوانان پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کی۔ مہمانانِ خصوصی محمد کاشف ارشاد مشیر وزیربرائے قومی ورثہ وثقافت ڈویژن اور ڈائریکٹر جنرل اسلامک ریسرج انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر محمد ضیاء الحق تھے۔

ادارے کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے خیر مقدمی کلمات ادا کئے۔ سیمینار میں اسلام آباد کی نمل یونیورسٹی، فاطمہ جناح یونیور سٹی راولپنڈی، الحمد اسلامک یونیورسٹی کے اساتذہ، ریسرچ سکالرز اور طلبا و طالبات اور جڑواں شہروں کے ادیبوں، شعرا اور ذرائع بلا غ سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شعبہ فارسی نمل یونیورسٹی کی استاد ڈاکٹر حمیرا شہباز اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے سابق ڈین ڈاکٹر شفیق احمد نے فکر اقبال میں نوجوانوں کے کردار کے حوالے سے بھر پور گفتگو کی۔

نظامت اسلام آباد کی ادبی تنظیم ''زاویہ'' کے روح و رواں محبوب ظفر نے کی۔ مشیر وزیر اعظم رانا مشہود احمد نے کہا کہ جو قومیں اپنی ثقافت، تہذیب، روایات اور زبان بھول جاتی ہیں وہ ترقی نہیں کر سکتیں۔انہوں نے علامہ اقبال اور قائد اعظم کی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجوداُنہوں نے پاکستان کے قیام کو یقینی بنایا اب ہماری نوجوان نسل کی ذمہ داری ہے کہ اس کی حفاظت کرے۔

نوجوان سوشل میڈیا پرریاست کے خلاف پروپیگنڈے سے بچیں، سنجیدگی سے اپنے ملک و ملت کے روشن مستقبل کے لئے سوچیں اور عملی قدم اٹھائیں تاکہ اپنے خاندان اور پاکستان کا مستقبل بہتر بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کا موقع دینے کی اشد ضرورت ہے،ہمارے نوجوانوں کو فکر اقبالؒ کی روشنی میں اپنے ملک اور خاندان کی تعمیر اور ترقی میں کردار ادا کرنا ہو گا۔

مشیر برائے وزیر قومی ورثہ وثقافت ڈویژن محمد کاشف ارشاد نے کہا کہ اقبال کا پیغام نوجوانوں کے لئے ہے کہ آپ کا تعلق کسی بھی مکتبہ فکر سے ہو آپ سب نے مل کر ملک و قوم کی ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کرنا ہے، اگر آپ ملک و قوم کے لئے اٹھیں گے نہیں تو معاشرہ ترقی نہیں کرے گا۔ ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کو ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لئے تیار کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سماجی ذرائع ابلاغ (سوشل میڈیا)کو غلط مقاصد کے لئے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے جس سے ہماری نسل بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے اور خاندانی نظام تباہ ہو رہا ہے، پیغام پاکستان کے بیانیہ کے ذریعے ہم نے نوجوانوں کی تربیت کی جس کی تعریف ملائیشیا، جاپان اور دیگر ممالک نے کی۔ ڈاکٹر شفیق احمد نے کہا کہ اقبال اور قائد اعظم نے ہمیں ایک نظریہ دیالیکن ہم نے ان کے نظریے کی قدر نہ کی مگر آج بھی کچھ نہیں بگڑا اگر ہم ان کے نظریات پر عمل پیرا ہو جائیں تو ملک کو ترقی کی راہ پر چلا سکتے ہیں۔

ڈاکٹرحمیرا شہباز نے کہا کہ آج کے سیمینار کی مناسبت سے اقبال کا یہی پیغام ہے کہ ہم مساوات کے ذریعے معاشرے میں نفرتوں کو ختم کریں اور نوجوان تعمیر ملت میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ ہم اہلِ پاکستان خوش قسمت ہیں کہ ہمارے دونوں بانی لیڈر اعلیٰ تعلیم یافتہ، ماہرین قانون اور اخلاقی اقدار سے مزّین تھے۔ قائداعظم اور علامہ اقبال نے دنیا کے نقشے پراپنا علیحدہ مُلک بنانے جیسے عظیم مقصد کو کامیابی سے حاصل کیا لیکن اس کے لئے کبھی قانون شکنی نہیں کی بلکہ ہمیشہ قانون کی پاسداری کی، ہمارے نوجوانوں کو علامہ اقبال اور قائد اعظم کے عمل اور فکر کو مشعل راہ بنانا چاہئے تاکہ پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔