چکوال پریس کلب میں پرائیویٹ سکولوں کے مسائل کے حوالے سے کنونشن کا انعقاد

اتوار 22 اکتوبر 2017 18:10

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) ایجوکیشنل سپورٹس پروگرام پاکستان کے زیر اہتمام ایجوگیٹ پبلی کیشنز کے تعاون سے پرائیویٹ سکولوں کے مسائل کے حوالے سے اتوار کے روز چکوال پریس کلب میں کنونشن منعقد ہوا جس میں پرائیویٹ سکولوں کے مسائل اور ان کے حل کے بارے میں چیئرمین ایجوکیشنل سپورٹس پروگرام راجہ وقاص احمد نے بریفنگ دی جبکہ اس موقع پر آئے ہوئے پرائیویٹ سکولوں کے پرنسپل اور اساتذہ کو سینئر ماہر تعلیم مدیحہ نواز نے ٹریننگ دی جو 2 گھنٹے تک جاری رہی۔

(جاری ہے)

چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابرسلیم محمود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں نے ضلع چکوال کی موجودہ شرح خواندگی جو84.6 فیصد ہے اس میں کلیدی کردار اداکیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے شک تعلیم بے ایک صنعت کا درجہ اختیار کرتی جا رہی ہے مگر اس میں پرائیویٹ سکول مالکان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک پلیٹ فارم قائم کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی حالت زار بھی بہتر ہورہی ہے لہٰذا سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے درمیان مثبت مقابلے کے رجحان سے فروغ تعلیم میں اضافہ ہوگا جو کہ ضلع چکوال کیلئے خوش آئند ہے۔