ماہرین زراعت نے ترشاوہ باغات کے باغبانوں کو جلد پکنے والی اقسام کے پھل توڑنے کیلئے فوری تیاری اور حسب ضرورت آبپاشی کی ہدایت کر دی

بدھ 1 نومبر 2017 16:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 نومبر2017ء):ماہرین زراعت نے ترشاوہ باغات کے باغبانوں کو جلد پکنے والی اقسام کے پھل توڑنے کیلئے فوری تیاری اور حسب ضرورت آبپاشی کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ باغبان درمیانے موسم میں پکنے والی اقسام کی فروخت کے انتظام کے ساتھ ساتھ گوبر کی کھاد کابھی بندوبست کریں تاکہ انہیں بعد میں کسی مشکل کاسامنا نہ کرناپڑے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہا کہ ترشاوہ پھلوں کی اچھی پیداوار کیلئے کھادوں کا استعمال بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی عناصر کی کمی بیشی ترشادہ پھلوں کی صحت ، نشو ونما ،پیداوار اور معیار پر برے اثرات مرتب کرتی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ پودے کو جن غذائی اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے ان میںنائٹروجن سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نائٹروجن کھاد پودے کی بڑھوتری اور اس کی نشو ونما میں بھر پور معاونت فراہم کرتی ہے علاوہ ازیں نائٹروجنی کھاد کا استعمال ترشاوہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے میں بھی معاونت کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ پھول اور پھل کے بننے ، پھل کی بڑھوتری اور اس کے معیار کیلئے نائٹروجنی کھاد کا بروقت استعمال ضروری ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر باغبان کھادوں کا مناسب استعمال کرنے سے غفلت برتیں گے تو انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں باغبان حضرات ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔