کسانوں کو سورج مکھی کی کاشت کے لیے 10ایکڑ تک سبسڈی دی جائے گی ، ترجمان

بدھ 1 نومبر 2017 19:20

لاہور۔یکم نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 نومبر2017ء)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ خادم اعلیٰ کسان پیکج کے تحت سورج مکھی کی منافع بخش کاشت کے فروغ کے لیے رجسٹرڈ کسانوںکو سورج مکھی کی کاشت پر بذریعہ وائوچر 5000روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جائے گی, منصوبہ کے تحت رجسٹر ڈ کسانوں کو سورج مکھی کی کاشت کے لیے 10ایکڑ تک سبسڈی دی جائے گی ۔

یہ سبسڈی صرف پنجاب کے رجسٹر ڈ کاشتکاروں کے لیے ہے ۔

(جاری ہے)

سورج مکھی کی بوری سے ملنے والے وائوچر کا نمبر اپنے شناختی کارڈ کے ہمراہ 8070پر بھیجیں اور تصدیقی SMSموصول ہونے پر قریبی موبائل شاپ سے فوری 1000روپے حاصل کریں۔بقایا رقم فصل کی کٹائی پر موصول ہونے والے SMSکی بنیاد پر حاصل کریں۔ سورج مکھی کی منافع بخش کاشت سے نہ صرف کسان خوشحال ہو گا بلکہ خوردنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ کثیر زر مبادلہ کے حصول سے ملکی معیشت بھی مستحکم ہو گی ۔

اے پی ایس ای اے اور حکومت پنجاب کے مشترکہ تعاون سے علاقائی سطح پر فصل کے خریداری کے مراکز کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ سورج مکھی کی 2500روپے فی من فروخت میں کمی بیشی کو مد نظر رکھتے ہوئے کاشتکار کی مالی معاونت بھی کی جائے گی ۔