ہم کسی کو خوش کرنے کی نہیں بلکہ نواز شریف کے دھوکے سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں‘ ترجمان پیپلز پارٹی

ہاتھ ملا کر چھرا گھونپنے میں بھی نواز شریف کا کوئی ثانی نہیں ،کئی بار ڈسے گئے اب دھوکے میں نہیں آئینگے‘ چوہدری منظور

جمعہ 3 نومبر 2017 13:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور نے کہا ہے کہ ہم کسی کو خوش کرنے کی نہیں بلکہ نواز شریف کے دھوکے سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے نواز شریف کا ہاتھ پکڑا لیکن انہوںنے سودے بازی کی ۔ نواز شریف کے بیان پر اپنے رد عمل میں انہوںنے کہا کہ نواز شریف آصف علی زرداری سے متعلق بات کرنے سے پہلے اپنے کردار کا جائزہ لیں۔

نوابزادہ نصراللہ خان نے نواز شریف کیلئے ہی کہا تھا کہ وہ سب کو بیچ کر چلے گئے۔انہوںنے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو اور آصف زرداری نے ماضی کے جرائم معاف کر کے نواز شریف سے ہاتھ ملایا تھا ۔نواز شریف نے مشرف سے معافی لی اورمعاہدہ کر باہر چلے گئے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی نے نواز شریف کو اے آر ڈی میں شامل کیا اور انہوںنے سب کی پیٹھ پر وار کیا۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف معافی مانگ کر باہر چلے گئے اور آصف زرداری انہی کے بنائے مقدموں میں مشرف کی جیل بھی کاٹتے رہے۔

نواز شریف نے ایک اور بڑا دھوکہ میمو گیٹ میں آصف زرداری کے خلاف کالا کوٹ پہن کر دیا۔نواز شریف وکیل بن کر پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کو غدار قرار دلوانے کا ضیا ء کا خواب پورا کرنے چلے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو تیسرا بڑا دھوکہ مشرف کے مقدمے کی صورت میں دیا گیا ،ہمیں آگے کر کے نواز شریف نے مشرف سے پھر معافی اور اسے باہر بھیج دیا۔

چوہدری منظور نے کہا کہ افتخار چوہدری اور نواز شریف کی گٹھ جوڑ جمہوریت کے خلاف گھنائونی سازشیں بھی تاریخ کا حصہ ہیں۔ہمارے وزیراعظم کو افتخار چوہدری کے ہاتھوں نواز شریف نے گھر بھجوایا،یوسف رضا گیلانی کو گھر بھجوانے والا اب سڑکوں پرپوچھتا پھر رہا ہے کہ مجھے کیوں نکالا۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف تصادم کر کے معافی مانگنے کی لمبی تاریخ رکھتے ہیں،ہاتھ ملا کر چھرا گھونپنے میں بھی نواز شریف کا کوئی ثانی نہیں ،ہم کئی بار نواز شریف سے ڈسے گئے اب دھوکے میں نہیں آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :