بلوچستان کی تقدیر کے مالک بلوچستان کے عوام ہیں،ہم خواتین کو اپنی روایات اور اسلامی تعلیمات کے مطابق عزت و احترام دیتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

پیر 6 نومبر 2017 22:53

بلوچستان کی تقدیر کے مالک بلوچستان کے عوام ہیں،ہم خواتین کو اپنی روایات ..
کوئٹہ۔06نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تقدیر کے مالک بلوچستان کے عوام ہیں‘ بیرونی طاقتوں کے پروردہ عناصر صوبے کے باشعور اور محب وطن عوام پر اپنی مرضی اور نظریہ تھوپ نہیں سکتے، اور نہ ہی غیر ممالک میں آزادی کی نام نہاد تحریک کی تشہیر کے ذریعہ بین الاقوامی برادری کو گمراہ کیا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صو بائی وزراء سردار محمد اسلم بزنجو، سردار مصطفی خان ترین اور میرمجیب الرحمن محمد حسنی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹرجمال شاہ کاکڑ بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ ہماری اور دہشتگردوں کی سوچ میں نمایاں فرق ہے ہم خواتین کو اپنی روایات اور اسلامی تعلیمات کے مطابق عزت و احترام دیتے ہیں جبکہ دہشتگرد اور باہر بیٹھے عناصر نے خواتین اور بچوں کو اپنی جنگ کا حصہ بنارکھا ہے جس کی اجازت نہ تو بلوچی روایات دیتی ہیں اور نہ ہی دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں اس کی کوئی مثال ملتی ہے اس موقع پر صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے وزیراعلیٰ کے موقف سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے پاک افغان بارڈر سے حراست میں لی گئی خواتین اور بچوں کے ساتھ مشفقانہ برتاؤ اور انہیں عزت و احترام دینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے بحیثیت ایک قبائلی نواب روایات کی پاسداری کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے جو ان عناصر کیلئے ایک کھلا پیغام ہے جو اپنی لڑائی میں بے گناہوں کا خون بہا رہے ہیں جن میں خواتین بچے اور نوجوان بھی شامل ہیں صوبائی وزیر سردارمحمد مصطفی خان ترین نے اس موقع پر کہا کہ خواتین کی عزت وا حترام کو پشتون بلوچ معاشرے میں بیحد اہمیت حاصل ہے اور خواتین کا احترام ہر مرد پر لازم ہے انہوں نے کہا کہ زیر حراست خواتین کی رہائی اور انہیں وزیراعلیٰ کی جانب سے عزت و احترام دیئے جانے سے پشتون بلوچ معاشرے کی نیک نامی میں اضافہ ہوا ہے جس کیلئے صوبے کے تمام قبائل اور عوام چیف آف جھالاوان وزیراعلیٰ بلوچستان کے بیحد مشکور ہیں صوبائی و زیر میر مجیب الرحمن محمد حسنی نے کہا کہ خواتین بچوں کو اپنی جنگ میں شامل کرنا کسی طور قابل ستائش نہیں اور نہ ہی اس عمل کو بلوچ پشتون معاشرے میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے زیرحراست خواتین اور بچوں کو بلوچی روایات کے مطابق باحفاظت ان کے ورثاء کے حوالے کرکے ایک قابل سائش اقدام اٹھایا ہے جسے نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس اقدام سے وزیراعلیٰ کی عزت و توقیر میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :