اپ ڈیٹ نیوز)

کراچی ، سی ویو پر گاڑی اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے بعد فائرنگ ،کار سوار نوجوان ہلاک،دوسرا زخمی پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا

اتوار 3 دسمبر 2017 19:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2017ء) کراچی کے علاقے سی ویو پر گاڑی اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں کار سوار نوجوان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جب کہ پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ کراچی کے علاقے ڈیفنس دو دریا کے مقام پر صبح سویرے تیز رفتار ہیوی بائیک اور کار کے درمیان تصادم ہوا جس پر نوجوانوں کا اّپس میں جھگڑا ہوگیا۔

بائیک سوار شخص کے فون پر اس کے دوست پیچھے سے ڈبل کیبن گاڑی میں اّئے اور تکرار کے بعد فائرنگ کردی جس سے دونوں کار سوار ظافر اور زید زخمی ہوگئے جب کہ ملزمان فرار ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ظافر دم توڑ گیا۔واقعے کے کئی گھنٹے بعد شام 4 بجے پولیس نے پی ای سی ایچ ایس کے علاقے علامہ اقبال روڈ سے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں سے 3 کی عمر 14 سال ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے دو خول ملے ہیں اور گاڑی پر 7 سے 8 گولیوں کے نشانات ہیں جب کہ اطراف سے سی سی ٹی وی ویڈیو بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی۔ ایس ایس پی جاوید اکبر ریاض کے مطابق واقعے میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ واقعے میں ملوث ڈبل کیبن گاڑی اور ایک جیپ کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :