حکومت پولیتھین بیگز کی پیداوار کی روک تھام کیلئے اقدامات کر رہی ہے،صوبائی وزیر تحفظ ماحول

جمعہ 22 دسمبر 2017 20:16

لاہور۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2017ء)صوبائی وزیر تحفظ ماحول بیگم ذکیہ شاہنوازنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پولیتھین بیگز کی پیداوار کی روک تھام کیلئے بہتر اقدامات کر رہی ہے کیونکہ یہ کیمیائی مادوں سے تیار ہوتا ہے ان میں جب بھی گرم خوراک ڈالی جائے تو ان کے اجزاء خوراک میں شامل ہو کر کینسر پیدا کرنے کا باعث بن سکتے ہیں،یہ گلتے سڑتے نہیں ہیں اس لئے کوڑا کرکٹ کے تلف کرنے میں رکاوٹ بن کر ماحول کو صاف ستھرا نہیں ہونے دیتے اس لئے محکمہ تحفط ماحول کی خصوصی ٹیمیں صوبہ بھر میں آپریشن کے ساتھ پلاسٹک بیگز کے استعمال کو روکنے کیلئے اس کے نقصانات سے متعلق آگاہی مہم کامیابی سے جاری کئے ہوئے ہیںجس کے دوررس اثرات مرتب ہونگے،اس امر کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں محکمانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں پولیتھین بیگ کا کاروبار کرنے والوں سے بات چیت کے عمل کو مزید موثر کیا جائے اور دکاندار وں کو اس کی خرید کے عمل سے باز رکھنے کیلئے مثبت اقدامات کئے جائیں،انہوں نے تمام ڈائریکٹرز کو تاکید کی کہ سیاہ شاپرز اور پندرہ مائیکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک بیگز کی تیاری خریدو فروخت پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو بیماریوں اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل سے محفوظ رکھا جاسکے،ڈائریکٹر تحفظ ماحول نسیم الرحمن نے پولیتھین بیگز کے تدارک کیلئے پنجاب میں کئے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایاکہ پولیتھین بیگ آرڈیننس میں موجودہ صورت حال کے تناظر میں ترمیم کی ضرورت ہے،اس حوالے سے پنجاب یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف انجینرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ماحولیاتی ماہرین پر مشتمل کمیٹی کی تحقیق کردہ تجاویز کو سامنے رکھتے ہوئے جلد پولیتھین بیگ آرڈیننس میں ترمیم کی جائیگی ،اجلاس میں ڈائریکٹرپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ وسیم چیمہ ،ڈائریکٹر آپریشن نسیم الرحمان شاہ اور ضلعی ٹیموں کے سربراہان اور ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔