گرجا گھروں کی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ڈی پی او ایبٹ آباد

جمعہ 22 دسمبر 2017 20:19

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2017ء) ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد سید اشفاق انور نے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر شہر میں موجود گرجا گھروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، مسیحی برادری سیکورٹی کے معاملات پر پولیس سے بھرپور تعاون کرے تاکہ ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ وہ جمعہ کو اپنے آفس میں ضلع ایبٹ آباد کے چرچر کی انتظامیہ سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔

ملاقات کے دوران ضلعی انتظامیہ اور کرسچین کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں نے ایبٹ آباد کے چرچز کی سیکورٹی کا مختلف پہلوئوں سے جائزہ لیا۔ ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد نے چرچز انتظامیہ کو سیکورٹی میں رہ جانے والی کمی کو فی الفور دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او نے چرچز کی سیکورٹی میں مزید اضافہ کرنے سمیت چرچز کے ارد گرد سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور بیرونی دیواروں کو آٹھ فٹ اونچا کرنے سمیت ان پر خاردار تار لگانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ چرچز انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ ہر چرچ کے باہر مناسب فاصلہ پر پارکنگ کا انتظام کیا جائے، سیکورٹی چیکنگ کیلئے پولیس کے ساتھ اپنے رضاکار بھی ضرور تعینات کئے جائیں تاکہ آنے والے تمام اشخاص کو اچھی طرح سے چیک کیا جا سکے۔ ضلعی پولیس آفیسر سید اشفاق انور نے مسیحی برادری کو ہدایت کی کہ وہ سیکورٹی کے معاملات پر پولیس سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :