قصور میں پیش آنے والا واقعہ ظالمانہ اور افسوسناک ہے‘ قائد حزب اختلاف سیّد خورشید احمد شاہ کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

جمعہ 12 جنوری 2018 13:16

قصور میں پیش آنے والا واقعہ ظالمانہ اور افسوسناک ہے‘ قائد حزب اختلاف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ قصور میں پیش آنے والا واقعہ ظالمانہ اور افسوسناک ہے‘ اس سے ملک کا ہر فرد‘ ادارہ متاثر اور پریشان ہوا ہے‘ ہمیں اپنی قوم کو محفوظ بنانے کے لئے حکمت عملی بنانی ہوگی‘ ایسے واقعات ترقی یافتہ ممالک میں بھی ہوتے ہیں تاہم وہ اس کے بعد کارروائی کرتے ہیں۔

جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں قصور واقعہ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ یہ 20 کروڑ عوام کی پارلیمنٹ ہے، اس معاملہ کو یہاں زیر بحث لانا اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصور کا واقعہ افسوسناک ہے اس سے ملک کا ہر فرد‘ ادارہ متاثر اور پریشان ہوا ہے۔ اس ظالمانہ واقعہ پر ہر کوئی پریشان ہے۔

(جاری ہے)

اگر پہلے واقعات پر ہی کارروائی ہوتی اور مجرموں کو کٹہرے میں لایا جاتا تو یہ واقعہ نہ ہوتا۔

اس قسم کے واقعات پر ایوان میں کوئی رپورٹ پیش نہیں ہو سکی۔ اگر ریاست انصاف نہیں دے گی تو لوگ فیصلے خود کریں گے اور اس اقدام سے ریاست کمزور ہوگی۔ ہمیں اپنی قوم کو محفوظ بنانے کے لئے حکمت عملی بنانی ہوگی۔ ایسے واقعات امریکہ جیسے ممالک میں بھی ہوتے ہیں‘ ہر ملک میں ہوتے ہیں مگر ان واقعات کے بعد اس پر کارروائی ہوتی ہے۔