معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ کا بی آرٹی کے مختلف سیکشنوں کا معائنہ

جمعہ 12 جنوری 2018 22:09

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے مختلف سیکشنوں جی ٹی روڈ، صدر روڈ ،تہکال اوریونیورسٹی روڈ پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا بی آر ٹی کے فوکل پرسن خورشید خان اوردیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پروزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے پی ڈی اے کے حکام کو بی آر ٹی سے متصل تمام سڑکوں کی کارپٹنگ کاعمل فوری طورپر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ملک شاہ محمد نے بی آر ٹی کنٹریکٹر کو بھی منصوبے پرکام کوتیزکرنے اورحفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوںنے ٹریفک ،پی ڈی اے حکام اورمنصوبے کے کنٹریکٹر پرواضح کیاکہ بی آر ٹی منصوبہ موجودہ صوبائی حکومت کا پشاور کے عوام کے لئے جدید اورآرام دہ سفری سہولیات سے آراستہ ایک عظیم منصوبہ ہے جس کی بروقت تکمیل پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ملک شاہ محمد نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور دیگر سیاسی مخالفین سے خیبرپختونخوا کی ترقی ،ہضم نہیں ہورہی اورہمارے صوبے میں جاری منصوبوں کی راہ میں اپنے اتحادیوں کی مدد سے تاخیر ی حربے استعمال کرکے یہاں کے عوام کے ساتھ اپنی تنگ نظری کی پرانی روایات کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے کہاکہ عوامی فلاح وبہبود اورترقی کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے صوبائی حکومت تمام وسائل بروئے کارلارہی ہے۔

اس موقع پر انہوںنے عام عوام سے بی آر ٹی کی تعمیر کی وجہ سے انہیں درپیش ٹریفک مسائل کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی۔ شاہ محمد وزیر کوبتایا گیا کہ ٹریفک عملے کی کمی اورمتبادل روٹس کے بارے میں مناسب آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہورہی ہے جبکہ تعمیراتی میٹریل اوربڑی مشینری کی نقل وحمل سے بھی ٹریفک جام رہتی ہے۔

معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ بی آر ٹی منصوبے کے ساتھ گزرنے والی سڑکوں پر کارپیٹنگ کا عمل بھی سست روی کا شکارہے ۔لوگوں نے شاہ محمدوزیرکوبتایاکہ تعلیمی اداروں اورہسپتالوں کوجانے والے راستوں پر بھی کافی مشکلات کاسامنا کرناپڑرہاہے جبکہ کنٹریکٹر کی جانب سے مناسب حفاظتی اقدامات بھی نہیں کئے گئے۔ معاون خصوصی نے ٹریفک پولیس کوباربار ہدایت کے باوجود بی آر ٹی منصوبے سے متصل سڑکوں اوررنگ روڈ سمیت دیگر متبادل روٹس پر ٹریفک کی روانی کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہ اٹھانے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس خیبرپختونخوا کو بی آرٹی منصوبے کی تعمیر کے دوران ٹریفک کی روانی اورعوام کو ٹریفک جام سے بچنے کے لئے مزید عملے کی تعیناتی اورہمہ وقت حاضری کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ حکام کو فوری مراسلہ بجھوانے کی ہدیت کی