بلوچستان میں قوم کےساتھ گھناﺅنا مذاق کیا گیا 500ووٹ لینے والا وزیر اعلیٰ کیسے بنا‘حکومت کی مدت پوری ہونے والی ہے اس وقت احتجاجی تحریکوں کے پیچھے کیا مقاصد ہیں-نوازشریف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 جنوری 2018 11:31

بلوچستان میں قوم کےساتھ گھناﺅنا مذاق کیا گیا 500ووٹ لینے والا وزیر اعلیٰ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 جنوری۔2018ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جو کچھ ہوا قوم کےساتھ گھناﺅنا مذاق تھا، 500ووٹ لینے والے کو وزیر اعلیٰ بنا دیاگیا، جس کی ضمانت ضبط ہونی تھی، اس کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا - جلد بلوچستان سے متعلق اجلاس بلارہے ہیں بلوچ لیڈر شپ کو مدعوکرینگے۔احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں نوازشریف کا ریفرنسز سے متعلق کہا کہ اس کیس میں کچھ بھی نہیں ہے، کیس کیا ہے اس کی نوعیت کیا ہے، کیس میں کتنی جان ہے میڈیاسب جانتا ہے۔

(جاری ہے)

آپ یہاں ہرسماعت پر موجود ہوتے ہیں آپ کومعلوم ہے کیس کیا ہے۔اپوزیشن جماعتوں کی احتجاجی تحریک کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومتی مدت پوری ہونے میں چار پانچ مہینے ہیں، مولانا صاحب خاص طور پر اس وقت کیوں کینیڈا سے آئے ہیں، اس وقت تحریکوں کا کیا مقصد ہے۔ آپ مقصد کی طرف دیکھیں گے تو سوالات کے جواب مل جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سمجھ میں نہیں آ رہا میرے خلاف کیس کیا ہے، اس کیس میں کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ماضی میں ایک فلم کی بہت پبلسٹی ہوئی، کچھ دنوں بعد کسی نے کہا فلم کیسی چل رہی ہے، ڈائریکٹر نے کہا پہلے ہفتے زبردست چلی مگر دوسرے ہفتے زبردستی چلانی پڑ رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :