حکیم رفیق احمد صابر کی طب پاکستان کے فروغ کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

حکیم ڈاکٹر شبیر احمد راں، حکیم غلام فرید میر، حکیم رفیق شاہین، حکیم محمد افضل میو اور دیگر کا تعزیت اجلاس سے خطاب

جمعہ 19 جنوری 2018 15:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2018ء) علاج بالغذاء کونسل پاکستان کے مرکزی صدر، صابر ہربل لیبارٹریز لاہور کے چیف ایگزیکٹو، ماہنامہ غذا و صحت لاہور کے مدیر اعلیٰ بیشتر طبی کتب کے مصنف، طبی کالم نگار، صحافی ملک کے نامور طبیب حکیم رفیق احمد صابر کی وفات پر تحریک تجدید طب پاکستان ، حکیم انقلاب طبی کونسل اور حکمت کونسل آف پاکستان کا مشترکہ ہنگامی تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں اُن کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکیم و ڈاکٹر چوہدری شبیر احمد راں، حکیم غلام فرید میر، حکیم رفیق شاہین، حکیم محمد افضل میو، حکیم حافظ عبد الرزاق کھوکھر، حکیم محمد اسحاق، حکیم محمد احمد، حکیم محمد ابوبکر، حکیم عبد الحکیم، حکیم کیپٹن انور انجم، حکیم ڈاکٹر عاصم رفیق علی، حکیم ساجد قادری، حکیم عابد شفیع، حکیم عبد الرزاق ربانی، حکیم شبیر احمد ملک، حکیم نذیر احمد ملک، حکیم فہیم علی ملک، حکیم محمد بلال، حکیم محمد سرور(نابینا) اور دیگر نے بتایا کہ مرحوم حکیم رفیق احمد صابر ثانی نے زندگی بھر طبِ پاکستان ’’قانون مفرد اعضا‘‘ (علاج بالغذا) کی ترویج و ترقی اور فروغ کے لیے جو گرانقدر خدمات انجام دیں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

مرحوم بیشتر طبی کتب کے مصنف تھے جن میں شوگر، ہیپاٹائٹس، مجرباب صابر، بچوں کے امراض، طب پاکستان ڈائریکٹری، مردوں کے جنسی امراض، عورتوں کے جنسی امراض، مرضیات قابل ذکر ہیں۔ ان کے تحقیق پر مبنی کالم قومی اخبارات اور جرائد میں باقاعدگی سے شائع ہوتے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مرحوم نہایت خوش اخلاق، ملنسار، مہمان نواز اور گونا گوں صفات کی حامل شخصیت تھے۔ مرحوم کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہ ہو سکے گا۔ آخر میں مرحوم کی مغفرت اور بلندئ درجات کے لیے دعا مانگی گئی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطاء فرمائے۔ اور پسماندگان کو صبر دے۔

متعلقہ عنوان :