وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ٹرمینل کا افتتاح کر دیا

نواز حکومت میں وہ کام ہوئے جو 65سالوں میں نہیں ہوسکے تھے ،ْ جو وعدے کرتے ہیں پورے کرتے ہیں ،ْ وزیر اعظم فیصل آباد میں پرائیویٹ ایئرپورٹ کے قیام کیلئے صنعتی قائدین اپنا کردار ادا کریں اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اورحکومت بھرپور معاونت فراہم کرے گی ،ْشاہد خاقان عباسی کا خطاب

ہفتہ 20 جنوری 2018 14:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز حکومت میں وہ کام ہوئے جو 65سالوں میں نہیں ہوسکے تھے ،ْ جو وعدے کرتے ہیں پورے کرتے ہیں ،ْ فیصل آباد میں پرائیویٹ ایئرپورٹ کے قیام کیلئے صنعتی قائدین اپنا کردار ادا کریں اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اورحکومت بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔

ہفتہ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ٹرمینل کا افتتاح کیا۔انٹرنیشنل ٹرمینل کے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب میں مشیر ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان، وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان، وزیرمملک برائے ٹیکسٹائل حاجی محمد اکرم انصاری سمیت ایوی ایشن ڈویژن کے اعلیٰ حکام اور صنعتی شعبہ سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مشیر ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان کی قیادت میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصل آباد کا جدید ترین ایئرپورٹ وقت پر اورکم سے کم خرچ میں مکمل کیا ہے جو قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری بدقسمتی تھی کہ جب یہ حکومت برسراقتدار آئی تو پاکستان کے تیسرے بڑے شہر اور صنعتی مرکز میں ایئرپورٹ کی سہولیات نہ ہونے کے برابر تھیں اور2015ء میں ہفتے میں صرف چند پروازیں فیصل آباد ایئرپورٹ پر آتی تھیں، اب ان پروازوں کی تعداد ایک ہفتے میں 118 تک بڑھ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف ابتداء ہے، ان پروازوں میں مزیداضافہ ہوگا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایوی ایشن کسی بھی ملک کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد ورفت میں مزیداضافہ کے پیش نظر توسیع کی ضرورت پڑے گی اور ایوی ایشن اس توسیع کے حوالہ سے آج ہی کام شروع کردے۔

انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن جب سہولیات فراہم کرے گی تو فضائی ٹریفک میں خود بخود اضافہ ہوتاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کے دوران چند فلائیٹوں سے تعداد 118 تک بڑھ چکی ہے اور اس حوالہ سے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چند ہفتے قبل جب فیصل آباد میں کار پلانٹ کا افتتاح کیا گیا توصنعتی رہنمائوں نے کہا تھا کہ ہم سیالکوٹ کی طرز پرفیصل آباد میں بھی پرائیویٹ ایئرپورٹ بنانا چاہتے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ اگر سیالکوٹ میں پرائیویٹ ایئرپورٹ کامیاب ہوسکتا ہے تو پھر فیصل آباد میں بھی کامیاب ہوسکتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ فیصل آباد میں پرائیویٹ ایئرپورٹ کے قیام کیلئے صنعتی قائدین اپنا کردار ادا کریں اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اورحکومت بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ حکومت کا خاصا ہے اور محمد نواز شریف کا وژن ہے جس کے تحت گذشتہ پانچ سال میں اتنے کام کئے گئے جو 65 سالوں میں بھی نہ ہوسکے تھے، ہم نے ملک بھرمیں موٹرویز اور ایئرپورٹس کے کئی منصوبوں پرکام کیا ہے جبکہ بندرگاہوں پر سہولیات میں اضافہ کیلئے بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے، اسی طرح بجلی، گیس اور ریلوے کے مختلف منصوبوںپربھی کام ہورہا ہے ان منصوبوں کی فہرست بڑی طویل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں ہماری سول ایوی ایشن دنیا کی لیڈر تھی اور امید ہے کہ سول ایوی ایشن اپنی قیادت برقرار رکھتے ہوئے ہوا بازی کے شعبہ کی ترقی کیلئے کام کریگی اور وسائل سے بھرپور استفادہ کرکے ترقی کے نئے اہداف کئے جائیں گے۔وزیراعظم نے منصوبے پرکام کرنے والوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سول ایوی ایشن دنیا بھرمیں صنعتی لیڈر کے طور پر سامنے آئے گی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ محمد نواز شریف نے جب فیصل آباد کا دورہ کیا تھا تو انہوں نے ایئرپورٹ سے لے کر موٹروے تک سڑک کے منصوبے کی منظوری دی تھی جو جلد از جلد مکمل کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) وہ جماعت ہے جو کھوکھلے وعدے نہیں کرتی بلکہ ترقیاتی منصوبے شروع کرکے انہیں مکمل بھی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1.5 ارب روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والے فیصل آباد ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے قومی معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہونگے جو سب دیکھیں گے۔