سورج مکھی کی پنجاب میں کاشت کا شیڈول جاری

ہفتہ 20 جنوری 2018 20:38

ملتان۔20جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) محکمہ زراعت نے سورج مکھی کی پنجاب میں کاشت کا شیڈول جاری کردیا، سورج مکھی کا شت کے لئے پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں بہاولپور، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی اور بہاولنگر شامل ہیں، ان اضلاع میں سورج مکھی کی کاشت کا وقت 31 جنوری تک مقرر کیا گیا ہے، دوسرے حصہ میں مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، لیہ، لودھراں، راجن پور اور بھکر شامل ہیں، ان ضلاع میں سورج مکھی کی کاشت کا وقت 10 فروری تک مقرر کیا گیا ہے، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، ساہیوال، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، منڈی بہائوالدین، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، ناروال، اٹک، روالپنڈی، گجرات اور چکوال میں سورج مکھی کی کاشت کا وقت 25 جنوری سے فروری کے آخر تک مقرر کیا گیا ہے، سورج مکھی کی کاشت کے لئے اچھے اگائو والے صاف ستھرے دوغلی (ہائبرڈ) اقسام کے بیج کی فی ایکڑ مقدار 2 تا اڑھائی کلو گرام رکھیں۔

(جاری ہے)

بہتر پیداوار کے حصول کیلئے اڑھائی فٹ کے فاصلے پر بنائی گئی کھیلیوں پر چوپے کی مدد سے سورج مکھی کی کاشت کریں جبکہ ایک چوپے سے دوسرے چوپے کا فاصلہ 9 انچ رکھیں اس طرح فی ایکڑ پودوں کی تعداد تقریباً 23 ہزار حاصل ہوگی، ڈرل سے کاشت کی صورت میں تر وتر میں کاشت کریں اور بیج کی گہرائی زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ انچ ہونی چاہیے، سورج مکھی کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے موزوں وقت پر کاشت انتہائی ضروری ہے کیونکہ تاخیر سے کاشت کی صورت میں نہ صرف سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے بلکہ تیل کی مقدار میں بھی کمی ہوتی ہے، ترجمان نے مزید کہا کہ سورج مکھی کی منافع بخش کاشت کے فروغ کیلئے کاشتکاروں کو 5 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے، سورج مکھی کی کاشت کو فروغ دے کر کاشتکار نہ صرف اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکتے ہیں بلکہ تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والے کثیر زرمبادلہ کو بچانے کے ساتھ خوردنی تیل کی گھریلو ضروریات کو بھی پورا کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :