وزیراعظم کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے آئی ایم ایف کے ریذیڈنٹ نمائندہ مسٹر ٹوخر این مرزوف کی ملاقات

منگل 23 جنوری 2018 19:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) وزیراعظم کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے آئی ایم ایف کے ریذیڈنٹ نمائندہ مسٹر ٹوخر این مرزوف نے منگل کو ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران میکرو اکنامکس صورتحال سمیت مستقبل کے معاشی اہداف سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں میکرو اکنامک استحکام اور ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے مؤثر و منظم اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ اعداد و شمار سے اندازہ ہوتا ہے کہ معاشی سرگرمیاں حوصلہ افزاء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث برآمدات میں اضافہ ہوا ہے جس سے تجارتی خسارہ میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ چار سال کے دوران معیشت کی ترقی و بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے اس امید اور اعتماد کا اظہار کیا کہ مستقبل میں پاکستان کیلئے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :