کوئٹہ، جماعت اسلامی کا اوگراکی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ پر شدیدردعمل کا اظہار

آئے روزپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی افسوس ناک اورقابل مذمت ہے، بشیر احمدماندائی

جمعہ 2 فروری 2018 22:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امراء بشیر احمدماندائی ، زاہدا ختر بلوچ نے اوگراکی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں پر اپنے شدیدردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ اس فیصلے سے ملک میں مہنگائی کاطوفان برپا ہوگا۔غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، انہیں کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔

آئے روزپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی افسوس ناک اورقابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ اگرحکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تو عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا۔ پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات عملاً عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔وزیر اعظم اس سمری کو مستردکردیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی بجائے اس میں مزید کمی کی جائے تاکہ غریب عوام کی مہنگائی کے عذاب سے جان چھوٹ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھنے سے ہر شے مہنگی ہوجاتی ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ حکمران عوام کاخون چوسنے میں مصروف ہیںانہیں عوام کے مسائل اورمشکلات کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ مسائل حل نہ ہونے سے لوگوں میں مایوسی پھیل چکی ہے۔موجودہ حکمران پیپلزپارٹی کے انجام سے سبق سیکھیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کریںبصورت دیگر ان کا انجام بھی پیپلزپارٹی سے مختلف نہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان وسائل کی دولت سے مالا مال ہے مگر بدقسمتی سے ان وسائل سے اغیار فائدہ اٹھارہے ہیں۔حکمرانوں نے منافع بخش اداروں کو اونے پونے فروخت کرنے کی پالیسیاں اختیار کرکے ملک دشمنی کی مثال قائم کی ہے۔ جب تک ظالم حکمران برسراقتدار ہیں اور حقیقی ایماندار قیادت میسر نہیں آتی اس وقت تک22کروڑ عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ جماعت اسلامی ملک وقوم کو مخلص قیادت فراہم کرسکتی ہے۔عوام2018کے انتخابات میں اپنے ووٹ کاٹھیک استعمال کریں۔مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ کرپٹ افراد سے چھٹکارہ حاصل کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :