دیہی عوام کو آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی ضلع کونسل کی ترجیح ہے، حناء ارشد وڑائچ

جمعہ 2 فروری 2018 22:09

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء) چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ نے کہا ہے کہ دیہی عوام کو آلودگی سے پاک ماحول اور صفائی و ستھرائی کی بہتر سہولیات کی فراہمی ضلع کونسل کی ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لئے ضلع کونسل کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ ڈی سی آفس سیالکوٹ میںچیف سیکرٹری پنجاب سے صاف دیہات پروگرام کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کے بعد چئیرپرسن نے کہا کہ صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لئے معاشرے کے ہر فرد کا اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

حناء ارشد وڑائچ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدائت پر ضلع کونسل سیالکوٹ ضلع کی 124دیہی یونین کونسلوں میں جلد ہی 868سینٹری اہلکار بھرتی کرے گی تا کہ ضلع سیالکوٹ کے 1544دیہات میں لوگوں کو آلودگی سے پاک ماحول اور صفائی کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

چئیرپرسن نے کہا کہ ضلع کی ہر یونین کونسل میں6سینٹری ورکر اور ایک ایک سپروائزر بھرتی کئے جائیں گے۔

سینٹری ورکر کی ماہانہ تنخواہ13ہزار روپے جبکہ سپروائزر کی تنخواہ32 ہزار روپے ہوگی۔ حناء ارشد وڑائچ نے کہا کہ پنجاب حکومت ضلع سیالکوٹ میں بھرتی ہونے والے ان 868سینٹری اہلکاروں کی تنخواہوںکے لئے ہر ماہ ضلع کونسل سیالکوٹ کو ایک کروڑ،36 لاکھ اور40ہزار روپے فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے دیہات سے کوڑا کرکٹ اٹھوا کر لوگوں کو صاف ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔