32 لٹر دودھ دیکر پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے بھینس مالک کو تین لاکھ روپے نقد انعام

ایسی بھینسوں کے مالکان بالواسطہ طور پر دودھ کی قومی پیداوار میں اضافے میں حصہ لے رہے ہیں‘ عبداللہ سنبل

جمعہ 9 فروری 2018 19:16

32 لٹر دودھ دیکر پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے بھینس مالک کو تین لاکھ روپے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2018ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے کہا ہے کہ چوبیس گھنٹوں میں 32 لٹر دودھ دینے کی صلاحیت پاکستان میں ایک ریکارڈ ہے اور ایسی بھینسوں کے مالکان بالواسطہ طور پر دودھ کی قومی پیداوار میں اضافے میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ڈویژن کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحت شیخوپورہ منڈی میں جانوروں کی پیداواری صلاحیت کے مختلف مقابلوں میں پوزیشنز حاصل کرنے والے کسانوں میں نقد انعام اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایم پی اے رانا جمیل حسن خان، ایم ڈی کمپنی ڈاکٹر احتشام ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امجد چوہدری، ایڈیشنل کمشنر عثمان خان خالد اور مختلف مقابلوں میں پوزیشنز حاصل کرنے والے جانور مالکان اور کسانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دودھ دینے والے جانوروں کے مقابلوں سے دیہی علاقوں کے کسانوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے جس سے جانوروں کی بہترین دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ چارے اور ونڈے کی بہترین اقسام بھی سامنے آتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویژن کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام تیسرے سالانہ مقابلہ میں پورے پاکستان سے دودھ سے متعلق زرعی کمپنیوں اور کسانوں نے حصہ لیا ہے جس میں بہترین نگہداشت کے حامل بیلوں کے علاوہ زیادہ سے زیادہ دودھ دینے والی بھینسوں کے لیے بھی مقابلوں کا انعقاد ہوا۔32 لٹر دودھ دے کر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے بھینس مالک کو لاہور کمپنی کی جانب سے تین لاکھ روپے نقد سمیت نجی کمپنی کی جانب سے ایک موٹر سائیکل انعام میں دی گئی۔ دوسری پوزیشن پر دو لاکھ روپے نقد، تیسری پوزیشن پر ایک لاکھ روپے نقد انعام دیئے گئے۔جبکہ مقابلہ میں 20 لٹر سے زائد دودھ دینے والے جانوروں کے مالکان کو دس دس ہزار روپے انعام دیا گیا۔