گلیات، عنبرین قتل کیس میں ملزمان کی معاونت کرنے والا کمسن ملزم گرفتار، ڈی ایس پی

اتوار 18 فروری 2018 19:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) گلیات پولیس نے عنبرین قتل کیس میں ملزمان کی معاونت کرنے والا کمسن ملزم گرفتار کرلیا ہے۔16سالہ ملزم واجد عرف مالا کو مخبر کی اطلاع پر پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ڈی ایس پی گلیات جمیل الرحمن قریشی نے اس حوالہ سے پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ 29اپریل 2016کو گلیات کے علاقہ مکول پائیں کے مقام پر ایک لڑکی عنبرین کو غیرت کے نام پر کیری سوزوکی میں باندھ کر زندہ جلادیا گیا تھا۔

تھانہ ڈونگا گلی کی علت نمبر106میں ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔تفتیشی ٹیم نے 15ملزمان کو ٹریس کیاجن میں سے 14ملزمان گرفتار کئے گئے۔گرفتار ملزمان میں سے 2 نے اپنے جرم کااعتراف کرتے ہوئے عدالت کے روبرواپنا اقبالی بیان بھی ریکارڈ کروایا جبکہ ملزم واجد عرف مالا روپوش ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم کی تصویر اورشناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث ملزم کی گرفتاری پولیس کیلئے چیلنج بن چکی تھی۔

ڈی ایس پی کے مطابق اتوار کی صبح مخبر کی اطلاع پر ملزم گلیات کے علاقہ سیرغربی سے گرفتار کیا۔گرفتار ملزمان کا کیس انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زیرسماعت ہے۔مقدمہ میں گرفتار13ملزمان کی تاریخ پیشی 7مارچ جبکہ کم عمر ملزم عمرزیب کی تاریخ پیشی 21فروری مقرر ہے۔عنبرین قتل کیس کی 3 سرکاری اور6 پرائیویٹ گواہان کی شہادتیں عدالت میں مکمل ہوچکی ہیں۔ٹوٹل42گواہان میں سے 17 پرائیویٹ جبکہ 25 سرکاری گواہان کے بیانات قلمبند ہونا باقی ہیں۔

متعلقہ عنوان :