اسلامی یونیورسٹی میں صحت مند زندگی اور سگریٹ سے نجات کی مہم کا آغاز ہوگیا

پیر 26 فروری 2018 19:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2018ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں صحت مند زندگی کے لیے آگہی اور سگریٹ سے نجات کی مہم شروع ہو گئی، تیس روزہ آگہی مہم کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ صحت مند زندگی کے سلسلے کا پہلا پروگرام جامعہ کے خواتین کیمپس میں منعقد ہوا۔ افتتاحی پروگرام کی صدارت خواتین کیمپس کی ڈائریکٹر فرخندہ ضیاء نے کی جبکہ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر صدرہ نے جسمانی صحت کے حوالے سے تفصیلی خطاب کیا اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے واک اور صفائی کے اصولوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے ذہنی صحت اور معاشرتی مسائل سے بچنے کے لیے مفید مشقیں کرائیں اور جسمانی صحت کو بہتر بنانے کے لیے مختلف پہلوؤںپر بھی گفتگو کی۔ ٓٓٓاس موقع پر ڈاکٹر فرخندہ ضیاء نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اسلام نے صحت مند مسلمان کو بہت اہمیت دی ہے ۔

(جاری ہے)

صفائی کو نصف ایمان کہا گیا ہے ، اسلامی احکامات پر عمل کرنے سے ہم صحت مند زندگی گذار سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ حکومتی اداروں نے تعلیمی اداروں میں بڑھتی ہوئی نشہ آور اشیاء کے سد باب کے لیے بچوں میں صحت مند زندگی گزارنے کے لیے آگاہی مہم پر زور دیا ہے، جو کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کے پہلو کو اجاگر کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نماز روزہ اور اسلام کے دوسرے ارکان انسانی زندگی میں سکون اور صحت مہیا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔