دینی مدارس کے طلبہ کو دینی علوم کے ساتھ عصری علوم میں بھی مہارت اور قابلیت حاصل کرنی چاہیے،مفتی ابوہریرہ محی الدین

ہفتہ 3 مارچ 2018 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2018ء)دینی مدارس کے طلبہ کو دینی علوم کے ساتھ عصری علوم میں بھی مہارت اور قابلیت حاصل کرنی چاہیے ۔یہ بات جامعہ اسلامیہ کلفٹن کے نائب رئیس اور مجلس صوت السلام پاکستان کے چیئرمین مفتی ابوہریرہ محی الدین نے جامعہ اسلامیہ کلفٹن کے ششماہی امتحانات میں امتیازی پوزیشن سے کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا نوجوان علماء ہمارا قیمتی اثاثہ اور ملک کے مستقبل کی بنیاد ہیں۔

(جاری ہے)

انہیں بڑھ چڑھ کر ملک کی تعمیر وترقی میں حصہ لینا چاہیے اور اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ مفتی ابوہریرہ محی الدین نے نوجوان علماء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دینی اداروں سے فارغ التحصیل علماء مختلف شعبہ جات میں تحقیق کو مرکز نگاہ بنائیں اور ملک کو درپیش چیلنجز فرقہ واریت و دہشت گردی کے خاتمے کیلئے برسر پیکار ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنی سنائی اور سطحی قسم کی باتوں پر دھیان دینے کی بجائے دلیل اور علم کو معیار بنائیں کیونکہ علم ہی انسان کیلئے روشنی کے دروازے کھولتا ہے۔ انہوں نے دینی مدارس کے طلبہ سے کہا کہ وہ ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ بنیں۔