ایم کیوایم کی تین خواتین ارکان سندھ اسمبلی کا ایم کیو ایم کوووٹ نہ دینے کا اعتراف

نائلہ منیر،ہیرسوہو،سمیتا افضال،سلیم بندھانی،محفوظ یارخان،شازیہ فاروق سمیت 14 ارکان اسمبلی نے مشاورت کے بغیر اپنے ووٹ کاسٹ کیے، ایم کیوایم ذرائع

ہفتہ 3 مارچ 2018 21:14

ایم کیوایم کی تین خواتین ارکان سندھ اسمبلی کا ایم کیو ایم کوووٹ نہ دینے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2018ء) متحدہ قومی موومنٹ کی تین خواتین ارکان نے اپنے ویڈیوبیان میں ایم کیو ایم کوووٹ نہ دینے کا اعتراف کیا ہے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے 14 ارکان اسمبلی نے اختلافات کے باعث ان کی مشاورت کے بغیر اپنی مرضی سے ووٹ کاسٹ کیا ہے ۔ متحدہ قومی موومنٹ کی خواتین ارکان سندھ اسمبلی شازیہ فاروق،نائلہ منیرنے اپنے ویڈیو بیان جبکہ ہیرسوہونے اپنے ایک مبینہ بیان میں اس بات کا اعتراف کرلیا ہے کہ انہوں نے پارٹی میں اختلافات کے باعث اپنے ضمیرکی آواز پرووٹ کاسٹ کیے ہیں اورایم کیو ایم کے امیدواروں کوووٹ کاسٹ نہیں کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے فاروق دادا کی بیوہ شازیہ فاروق نے کہا کہ فاروق ستار نے کامران ٹیسوری کامسئلہ اٹھاکرہمیں25دن تک اذیت میں رکھا اس لیے میں نے ایم کیو ایم کووٹ نہیں دیا،پارٹی تقسیم میں صرف اورصرف کامران ٹیسوری وجہ بنے،یہ وہ ایم کیو ایم نہیں جس کے ساتھ میں رہی،فاروق ستار لیڈر بننے کے لائق نہیں رہے۔

(جاری ہے)

رکن سندھ اسمبلی نائلہ منیر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہاکہ یہ میری فرسٹریشن تھی اور میں نے ایم کیو ایم کو ووٹ نہیں دیا،میں نے ہیرسوہو سے کہا کہ وزیراعلی کے عشائیہ میں مجھے لے جا،اظہارالحسن نے یقین دلایاتھاکہ کامران ٹیسوری امیدوارنہیں ہونگے،میں نے کامران ٹیسوری کے امیدواربننے پر اعتراض کیا تھا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے حلقوں میں نائلہ منیر،ہیرسوہو،سمیتا افضال،سلیم بندھانی،محفوظ یارخان،شازیہ فاروق سمیت 14 ارکان اسمبلی کومشکوک قراردیتے ہوئے ان کے متعلق کہا جارہا ہے کہ انہوں نے مشاورت کے بغیر اپنے ووٹ کاسٹ کیے ہیں۔