تلنگانہ حکومت نے سکولوں میں طلباء کے کھانے میں انڈے کا کوٹہ دگنا کردیا

ہفتہ 10 مارچ 2018 15:30

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) تلنگانہ حکومت نے ریاستی سکولوں میں طلباء کے لیے دوپہر کے کھانے میں انڈے کا کوٹہ بڑھا کر دگنا کردیا ، اب ہفتے میں 6انڈے فراہم کیے جائیں گے، پہلے فی ہفتہ 3 انڈے دیے جارہے تھے۔ وزیر تعلیم کدیام سریہاری نے بتایا کہ ریاست کے 23 لاکھ طلباء کو دوپہر کے کھانے پر حکومت 200کروڑ روپے خرچ کررہی ہے،خوراک کا معیار مزید بلند کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وزیراعلی کو تجویز پیش کی ہے کہ اب دوپہر میں بچوں کو فراہم کیے جانے والے ہفتے کے 3 انڈوں کی جگہ 5 یا 6 انڈے کردیے جائیں،اسی طرح ایسی طالبات جو ساتویں سے دسویں کلاس میں پڑ ھ رہی ہیں انہیں صفائی ستھرائی کیلئے کٹس فراہم کی جائیں گی۔انھوں نے بتایا کہ جون کے آخر تک 8792اساتذہ بھی بھرتی اور سکولوں کو صاف پانی کے کنکشن دیے جائیں گے کیونکہ بے شمار سکولوں میں صاف پانی کی سہولت نہیں ہے۔