آپریشن ضرب عضب کے بعد اسلحہ کی سمگلنگ میں کافی حد تک کمی آئی ہے‘ پارلیمانی سیکرٹری داخلہ کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب میں

جمعہ 16 مارچ 2018 13:26

آپریشن ضرب عضب کے بعد اسلحہ کی سمگلنگ میں کافی حد تک کمی آئی ہے‘ پارلیمانی ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) وزارت داخلہ کی طرف سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد اسلحہ کی سمگلنگ میں کافی حد تک کمی آئی ہے‘ پاک ایران سرحد اور ساحلی پٹی کے ساتھ 79 پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری داخلہ نے بتایا جب سے آپریشن ضرب عضب شروع ہوا ہے ہتھیاروں کی سمگلنگ پر کافی حد تک قابو پایا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پاک ایران سرحد اور ساحلی پٹی کے ساتھ 79 سے زائد پوسٹیں قائم کی گئیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں آٹومیٹک اسلحہ کے لائسنس ختم کردیئے گئے ہیں۔ دیگر اسلحہ کے لائسنس تصدیق کے بعد جاری کئے جارہے ہیں۔ میاں عبدالمنان کے سوال کے جواب میں ڈاکٹر محمد افضل ڈھانڈلہ نے کہا کہ ہم نے آٹومیٹک اسلحہ لائسنس پر پابندی کا فیصلہ کیا تھا تاہم لاہور ہائیکورٹ نے اس حوالے سے حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے۔ سید وسیم حسین کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر محمد افضل ڈھانڈلہ نے کہا کہ فاضل رکن کی ذاتی تحفظ کے لئے اسلحہ لائسنس منسوخ نہ کرنے کی تجویز حکومت کے گوش گزار کردیں گے۔