ٹی بی کے عالمی دن کی مناسبت سے قومی ادارہ صحت میں خصوصی آگہی واک کا اہتمام

جمعرات 22 مارچ 2018 15:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء)ٹی بی کے عالمی دن کی مناسبت سے قومی ادارہ صحت میں خصوصی آگہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ قومی ٹی بی کنڑول پر وگرام نے ٹی بی سے آگاہی کے لئے پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرام کی زیر قیادت نیشنل کوآرڈینیٹر پرائم منسٹر ہیلتھ کمپلیکس این آئی ایچ اسلام آباد میں ایک واک منعقد کروائی جس کا موضوع ’’مطلوب: ٹی بی فری پاکستان کے لئے قیادت‘‘ تھا۔

اس سال کے دن کا مرکزی خیال کا مرکز نہ صرف سیاسی بلکہ ہر لحاظ سے ٹی بی کو ختم کرنے کے عزم کی تعمیر میں رہنمائوں کے کردار پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر پروفیسر عامر اکرام نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک بھر میں ٹی بی کے 35 لاکھ سے زائد مریضوں کو سائنسی بنیادوں پر مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہی ہے اس وقت تقریباً چار ہزار کے قریب ڈاکٹرز مفت تشخیص اور علاج معالجے کی سہولیات بہم پہنچا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹی بی کے علاج کے لیے ملک بھر میں 1350 مراکز ہیں جہاں ٹی بی کے مریضوں کے لیے مفت علاج اور تشخیص کی سہولیات موجود ہیں۔ جبکہ مزاحمتی ٹی بی کے علاج کے لیے ملک بھر میں 34 خصوصی مراکز قائم کئے گئے ہیں ، ٹی بی کی روک تھام کے لیے نجی شعبے کے اشتراک کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ ٹی بی ایک قابل علاج مرض ہے، متاثرہ افراد تجویز کردہ ادویات کا باقاعدگی سے استعمال کریں۔

پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ حکومت ملک سے تپ دق کے مکمل خاتمے کے لیے سنجیدہ بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے 2025 تک انشااللہ 90 فیصد اس مرض کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ کمیونٹی کے قائدین ، ٹی بی سے متاثر ہ افراد ، سول سوئٹی کے وکلاء ، صحت کے کار کن، ڈاکٹرز اورنرسیں، غیر سرکاری تنظیمیں اور دیگر شراکت دار اپنے علاقوں میں اپنی کوششوں سے ٹی بی کا خاتمہ کر سکتے ہیں ، ٹی بی کے عالمی دن کا مقصد لوگوں میں مرض بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور عالمی سطح پر اس موذی مر ض کا خاتمہ کرنا ہے، اس واک کا مقصد ٹی بی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اورعام لوگوں میں اس بیماری کو پھیلنے سے روکنے کے بہترین طریقوں کا فروغ ہے ، سب سے زیادہ بوجھ کم آمدنی والے لوگ ، خطرے سے دوچار گروپس، جیسے خواتین، بچے بوڑھے افراد، تارکین وطن ، پناہ گزین ، قیدی ، نسلی اقلیتیں ،کان کن ، اور متاثر ہ علاقوں میںکام کرنے والے دیگر لوگ اٹھا رہے ہیں ، اجلاس کے دوران ڈاکٹر محمد آسائی اور ڈاکٹر عامر اکرام نے پا کستان میں ٹی بی کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹی بی عوامی صحت کے لئے ایک بہت بڑاخطرہ ہے ،انہوں نے ٹی بی کنٹرول کرنے اورسکے پھیلائو کے روک تھام کے طریقوں کے بارے میں آگاہی دی۔