تعلیمی اداروں میں کھیلیں نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں،ملک ندیم کامران

جمعہ 30 مارچ 2018 16:33

چیچہ وطنی۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2018ء)صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں ہم نصابی سرگرمیاں اور کھیلیں نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جس سے تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی میں بھی مدد ملتی ہے،انہوں نے یہ بات امامیہ کالج میں سالانہ سپورٹس گالا میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،کالج پرنسپل محمد شہزاد رفیق،سٹی میئر اسد علی خان بلوچ ،ڈپٹی میئر ساجد نعیم ہیپی ،ملک قاسم ندیم ،کنٹرولر ساہیوال بورڈ قاضی ناصر،سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر ذوالفقار علی ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز چوہدری بلال اشرف ،ڈائریکٹر سپورٹس فیاض سلیمی اور پروفیسر کاشف شہزاد کے علاوہ اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ،انہوں نے کہا کہ کھیل نئی نسل کے بند ذہنوں کو کمروں سے نکال کر کھلی فضا میں لانے میں مدد گار ہیں جس سے انکی ذہنی نشوونما کے ساتھ ساتھ جسمانی نشوونما میں بھی بڑی مدد ملتی ہے جس سے وہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوتے ہیں ،ملک اس وقت شدید اندرونی و بیرونی سازشوں کا شکار ہے جن سے متحد ہو کر ہی نمٹا جا سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ ملک دشمن سیاسی افراتفری اور غیر یقینی صورتحال پیدا کر کے سی پیک کے عظیم منصوبے کو ناکام بنانا چاہتے ہیں اور محمد نوازشریف کو یہی منصوبہ شروع کرنے کی سزا دی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور عوام کو امن و چین واپس دلایا،بجلی کی کمی دور کی تا کہ معاشی ترقی کا پہیہ چلے اور ملک سے بیروزگاری ختم ہو،انہوں نے کالج پرنسپل اور سٹاف کی محنت کو سراہا اور کالج کیلئے ایک آڈیٹوریم کی تعمیر کو نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کا اعلان کیا،تقریب کے اختتام پر طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔