پٹرول کی قیمت میں کم سے کم 20روپے فی لٹر کم کیا جائے

اتوار 8 اپریل 2018 19:30

پٹرول کی قیمت میں کم سے کم 20روپے فی لٹر کم کیا جائے
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2018ء)انجمن تاجران سٹی فیصل آباد تاجر و سماجی رہنما الحاج میاں عبدالکریم صدر ادارہ صوت الاسلام ٹرسٹ فیصل آباد نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں کم سے کم 20روپے فی لٹر کم کیا جائے 2روپے کی کمی کرکے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرول کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کرکے ہر چھ ماہ بعد 2روپے کم کرکے عوام کو بیوقوف بنارہی ہے پہلے تیل پر 16فیصد ٹیکس تھا اب 21فیصد کردیا ہے اور عوام کو صرف 2روپے کا ریلیف دیا گیا ہے حکومت سمجھتی ہے کہ عوام کو علم نہیں اور عوام کو بیوقوف بنادیا ہے انہوں نے کہا کہ مہنگا ئی کا طوفان مزید تیز رفتاری سے غریب عوام سے دووقت کی روٹی چھین لے گا اور وطن عزیز میں مہنگائی کی وجہ سے ڈاکے، چوریاں اور بے روزگاری پھیلے گی حکومتی ادارے پٹرول کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پٹرول پر لگائے جانے والے ٹیکس کم کرئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بیشتر حصہ متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہے ۔ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کا تناسب بھی کم نہیں ایسے میںمہنگائی کی شرح میںر وز افزاں اضافہ عوام کی مشکلات بڑھانے کا سبب بنتا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ بلاشبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ یا کمی عالمی منڈی میں ان مصنوعات کی قیمتوں کے پیش نظر کی جاتی ہیں مگر حکومت کو یہ پہلو بھی مدنظر رکھنا چاہیے کہ ہمارے ملک میں پٹرولیم کی قیمتوں کو ہی مہنگائی میں کمی اورا ضافے کی اکائی سمجھا جاتا ہے اس لیے حکومت کو صوبائی سطح پرایسے پرائس کنٹرول یونٹس تشکیل دینے چاہئیں جو اشیائے خوردنوش اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں من مانے اضافے کی روش کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ عام عوام کی مشکلات کم کی جاسکیں۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سرکاری ٹیکسوں کا تناسب بھی ناقابل فہم حد تک زیادہ ہے جن میں کمی کرکے پٹرولیم مصنوعات کے نرخ نسبتاً کم کئے جاسکتے ہیں۔