پاکستان میں چینی کرنسی یوآن کی مقامی سیٹل منٹ اور کلیئرنگ کے نظام میں توسیع

بدھ 11 اپریل 2018 23:32

پاکستان میں چینی کرنسی یوآن کی مقامی سیٹل منٹ اور کلیئرنگ کے نظام ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2018ء) بینک دولت پاکستان مسلسل یہ بات یقینی بنانے کے لیے پالیسی اقدامات کر رہا ہے کہ چین کے ساتھ درآمدات، برآمدات اور فنانسنگ کے لین دین کو چینی کرنسی یوآن (CNY) میں ظاہر کیا جا سکے۔ اسٹیٹ بینک نے پیپلز بینک آف چائنا کے ساتھ کرنسی سواپ کے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد متعلقہ مقامی کرنسیوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور براہ راست سرمایہ کاری کی فنانسنگ کو فروغ دینا ہے۔

چینی کرنسی یوآن میں تجارتی ذرائع اور ترسیلاتِ زر کی آمد و رفت کو مزید تقویت دینے کے لیے اسٹیٹ بینک نے اب بینک آف چائنا (BOC) پاکستان کو اجازت دی ہے کہ وہ پاکستان میں چینی یوآن کی مقامی سیٹل منٹ اور کلیئرنگ کا سیٹ اپ قائم کریں۔

(جاری ہے)

بینک آف چائنا پاکستان میں کام کرنے والے بینکوں کے چینی یوآن میں اکائو نٹس کھول سکتا ہے، تاکہ چینی یوآن پر مبنی چین سی/ چین کوترسیلات جیسے لین دین کے سیٹل منٹ میں سہولت دی جاسکے۔

بی او سی چینی کرنسی یوآن پر مبنی لین دین کی سیٹل منٹ کے لیے انٹربینک مارکیٹ کو چینی یوآن کی سیالیت بھی فراہم کر سکے گا۔ یاد رہے کہ انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا لمیٹڈ پاکستان کو 2015ء سے اسٹیٹ بینک نے ایسی خدمات فراہم کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔یہ اقدامات اسٹیٹ بینک کی اٴْن کوششوں کا حصہ ہیں جو چین کے ساتھ چینی یوآن میں تجارت اور بالآخر متعلقہ مقامی کرنسیوں میں تجارت کی حوصلہ افزائی کے لیے کی جا رہی ہیں۔

سیٹل منٹ اور کلیئرنگ کے اس انتظام سے توقع ہے کہ لاگت کم ہو گی،چینی یوآن میں لین دین کرنے میں ملکی بینکوں کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا، منڈی کی سیالیت بڑھے گی، اور پاکستان اور چین کے مابین چینی کرنسی یوآن میں بڑھتی ہوئی تجارت اور سرمایہ کاری لین دین کی سیٹل منٹ کو سہولت ملے گی۔ حالیہ ملکی اور بین الاقوامی اقتصادی پیش رفت کو دیکھتے ہوئے اسٹیٹ بینک توقع کرتا ہے کہ یہ اقدام عمومی طور پر پاک چین تعلقات اور خاص طور پر پاکستانی معیشت اور بینکاری نظام کے لیے طویل مدتی فوائد کا باعث بنے گا۔

متعلقہ عنوان :