کاشتکاروں سے باردانہ کے حصول کیلئے درخواستیں 20اپریل کو وصول کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر

اتوار 15 اپریل 2018 23:00

مظفرگڑھ ۔ 15اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور جپہ کے ایک پریس ریلیز کے مطابق کاشتکار بھائیوں سے باردانہ کے حصول کیلئے درخواستیں، 16 تا 20 اپریل صبح 8 بجے سے لیکر4 بجے تک وصول کی جائیں گی۔ چھوٹے کسان کو ترجیح دینے کے لئے کاشتکاروں کو باردانہ صرف 10 ایکڑ تک دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ کاشتکار بھائیوں کیلئے درخواست کے ساتھ شناختی کارڈ کی کاپی لف کرنا اور رابطہ نمبر لکھنا ضروری ہوگا.سنٹر کوآرڈینیٹر کاشتکاروں سے درخواستیں وصول کرے گا اور درخواست وصول کی رسید دے گا جس پر سیریل نمبر اور پرائرٹی نمبر درج ہوگا۔

موصول شدہ درخواستوں کی جانچ پڑتال مورخہ 21,22 اپریل کو ہوگی اور 22 اپریل کو ہی مستند درخواست گزاروں کی تعداد اور انکے رقبہ گندم بمطابق گرداوری لسٹ کے بارے میں ڈائریکٹر فوڈ پنجاب کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر آگاہی دیں گے اور 23 اپریل کو کابینہ کمیٹی برائے گندم فی ایکڑ کے حساب سے بوریوں کی تعداد کا تعین کرے گی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کرے گی۔ کابینہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق 24 اپریل سے باردانہ کا اجراء شروع ہوجائے گا جو کہ اگلے تیس دن تک جاری رہے گا۔