فیصل آباد، اسلامیہ کالج برائے خواتین میں سائنسی نمائش، وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی اکرم انصاری نے افتتاح کیا

جمعرات 19 اپریل 2018 15:18

فیصل آباد۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی اکرم انصاری نے گذشتہ روز اسلامیہ کالج برائے خواتین فیصل آباد میں سائنسی نمائش کا افتتاح کر دیا جس میں ادارہ کی فزکس ، کیمسٹری ، بائیا لوجی کی طالبات کے تیار کردہ جدید سائنسی ماڈلز خصوصی توجہ کا مرکز بن گئے جبکہ مذکورہ شاندار کاوش پر وزیر مملکت نے کالج کی سائنس طالبات کے ٹیلنٹ کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا مذکورہ نمائش 4مئی تک جاری رہے گی ، سائنسی نمائش کے افتتاح کے موقع پر ادارہ میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ٹیچنگ سٹاف اور طالبات کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کی اہم خواتین شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی، سائنسی ماڈلز بنانے والی طالبات نے وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل کو اپنے تیا رکئے گئے ماڈلز کے بارے میں بریفننگ دی ، انہوںنے بتایاکہ اس شاندار نمائش کے انعقاد اور اس میں رکھے جانے والے سائنسی ماڈلز کی تیاری ان کی محنتی اساتذہ اور فرض شناس پرنسپل کی کوششوں کی مرہون منت ہے، اس موقع پر مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل نے کہا کہ اسلامیہ کالج برائے خواتین میں سائنسی نمائش دیکھ کر انہیں نہ صرف طالبات کے زبردست ٹیلنٹ کا اندازہ ہوا ہے بلکہ دلی خوشی بھی ہوئی ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ طالبات نے اپنی جن خداداد صلاحیتوں کا مظاہر ہ کیا ہے وہ نہ صرف ایک مثالی کوشش ہے بلکہ یہ طالبات مستقبل میں ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی بھی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں، انہوںنے کہا کہ اس قسم کی سائنسی نمائشیں ہر تعلیمی ادارے میں منعقد ہونی چاہئیں تاکہ طالبات کو اپنا ٹیلنٹ اور پوشیدہ جوہر دکھانے کا موقع مل سکے، انہوںنے کہاکہ طالبات کی خدادا د ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں ان کی اساتذہ اور سربراہ ادارہ کا کردار بھی قابل ستائش ہے، ہم کتابیں تو پڑھتے ر ہتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ پریکٹیکل بھی بہت ضروری ہے، اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بچوں کو لیکچر کے ساتھ ساتھ عملی سائنس کی طرف بھی لے کر جائیں تاکہ ہم عالم اقوام کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں ، اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ اسلامیہ کالج برائے خواتین ڈاکٹر فریحہ انجم نے کہا کہ مذکورہ سائنسی نمائش میں بچیوں نے بہت محنت کی ہے جبکہ ا یسی نمائش سے طالبات میں عملی سائنس کے متعلق آگاہی پیدا اور بچو ں کے علم میں اضافہ ہوتا ہے کہ ہمیں سائنس میں کیسے آگے جانا اور عملی زندگی میں سائنسی علم سے کیسے مستفید ہونا ہے ، بعد ازاں مہمان خصوصی نے طالبات کے ماڈلز بھی دیکھے اور عظیم کاوش پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :