سینیٹر جاوید عباسی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے دوبارہ بلامقابلہ چیئرمین منتخب

جمعرات 19 اپریل 2018 18:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) سینیٹر جاوید عباسی کوسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا دوبارہ بلامقابلہ چیئرمین منتخب کرلیا گیا، اجلاس میں قائد ایوان سینیٹ راجہ محمد ظفرالحق، قائد حزب اختلاف شیری رحمان ، ایوان بالاء کے سابق سربراہان سینیٹرز میاں رضاربانی ، فاروق ایچ نائیک کے علاوہ مصدق مسعود ملک ، محمد اسد علی خان جونیجو، ثناء جمالی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین قائمہ کمیٹی قانون و انصاف سینیٹر محمد جاوید عباسی نے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قانون سازی کے عمل میں ممبران کمیٹی سے مشاورت کے ساتھ ساتھ رہنمائی لیتا رہوں گا۔کمیٹی میں زیرک اور تجربہ کار ممبران موجود ہیں جن کے تجربے سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے انتہائی اہم معاملات پر ایوان بالاء میں62 رپورٹس پیش کیں۔ کمیٹی کے 71 اجلاس منعقد ہوئے ، ممبران نے دلجمعی سے اپنی ذمہ داریاں پوری کیں اور آئندہ بھی ایسا ماحول قائم رہے گا جس کے تحت پارلیمان کے باہر موجود فریقین سے بھی تجاویز لیں جایا کریں۔